حیدرآباد۔ 8 فروری (سیاست ڈاٹ کام) بنگلہ دیشی ٹسٹ ٹیم کے کپتان مشفق الرحیم نے تنقیدوں پر ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بنگلہ دیشی کرکٹ ٹیم کو زیادہ ٹسٹ کرکٹ کھیلنے کا موقع ہی نہیں ملتا اور محدود ٹسٹ کرکٹ کی بنیادوں پر اسے ایک دوسرے درجہ کی ٹیم کہنا ناانصافی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دیگر ممالک بنگلہ دیش سے باہمی سیریز نہیں کھیلتے اور موقع ہی فراہم نہیں کیا جاتا۔ بنگلہ دیش آئندہ برس 10 ٹسٹ مقابلوں میں شرکت کررہا ہے جس میں زیادہ مقابلے بیرونی ملک میں ہی منعقد ہوں گے۔ مشفق الرحیم نے مزید کہا کہ وہ گزشتہ 11 برس سے ملک کی نمائندگی کررہے ہیں لیکن میں اس دوران ٹیم کو زیادہ ٹسٹ مقابلے کھیلنے کے مواقع نہیں ملے اور محدود مقابلوں کی بنیاد پر بنگلہ دیش کے مظاہروں کے متعلق فیصلہ کرنا بہتر نہیں ہوگا۔ نیوزی لینڈ کے خلاف 550 رنز اسکور کرنے کے بعد ہونے والی شکست کے ضمن میں کپتان نے کہا کہ اس سے ٹیم کے حوصلے پست نہیں ہوئے۔
انڈر 16 بوائز فٹبال ٹیم
جمخانہ پر کھلاڑیوں کا انتخاب
حیدرآباد۔ 8 فروری (ای۔میل) تلنگانہ فٹبال اسوسی ایشن سے موصولہ خبر کے بموجب جمخانہ فٹبال گراؤنڈ پر 11 تا 13 فروری کو انڈر 16 بوائز فٹبال ٹیم کیلئے کھلاڑیوں کا انتخاب کیا جارہا ہے جس میں وہی کھلاڑی اہل ہوں گے جن کی پیدائش یکم جنوری 2000ء تا 31 ڈسمبر 2001ء کے درمیان ہوئی ہو۔ سکندرآباد کے جمخانہ فٹبال گراؤنڈ پر 11 فروری کو سہ پہر 3 بجے کو خواہش مند کھلاڑی برتھ سرٹیفکیٹ کے ساتھ پہنچ سکتے ہیں۔ ٹیم کے انتخاب کیلئے سابق بین الاقوامی سلیکٹر مسٹر برہمانند گوا سے آرہے ہیں۔ مزید تفصیلات کیلئے 8008677447 پر ربط کرسکتے ہیں۔