نظام آباد میں شعور بیداری پروگرام، رکن اسمبلی باجی ریڈی گووردھن کا خطاب
نظام آباد /28 جون (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ریاستی حکومت کی جانب سے زچہ اور بچہ کی اموات میں کمی لانے کی غرض سے شروع کردہ اسکیم آروگیہ لکشمی اسکیم کی کامیابی کیلئے ضلع انتظامیہ کی جانب سے بڑے پیمانے پر شعور بیداری پروگرامس کئے جارہے ہیں ہر اسمبلی حلقہ میں ارکان اسمبلی اور ضلع کلکٹرس کی جانب سے اجلاس کا انعقاد عمل میں لاتے ہوئے آنگن واڑی ورکرس، سرپنچ و دیگر محکمہ جات کے عہدیداراس پروگرام کی کامیابی کیلئے ترغیب دینے کے علاوہ حاملہ خواتین کی دیکھ بھال اور مادر رحم میں اطفال کے تحفظ کیلئے آنگن واڑی ورکرس حاملہ خواتین سے رابطہ میں رہنے کی اور آنگن واڑی مراکز کو آروگیہ لکشمی کمیٹیوں کے ذریعہ عمل میں لانے کی سرپنچوں کو ترغیب دی جارہی ہے۔ آج ضلع پریشد ہال میں آروگیہ لکشمی سے متعلق ایک پروگرام کو انجام دیا گیا۔ لیکن اس پروگرام میں اُردو کو مکمل طورپر نظر انداز کیا گیا ۔ضلع سطح کے پروگرام کے پوسٹرس کی رسم اجرائی رکن اسمبلی نظام آباد رورل باجی ریڈی گوردھن، ایم ایل سی وی جی گوڑ،کے علاوہ ٹی بی وینکٹیشم، ضلع پریشد سی ای او موہن لال و دیگر عہدیداروں نے شرکت کی۔ جبکہ نظام آباد شہر میں مسلمانوں کی 40تا 45 فیصد آبادی ہے اور حیدرآباد کے بعد نظام آباد میں اُردو جاننے والوں کی قابل لحاظ تعداد ہے لیکن اس کے باوجود بھی نظام آباد ضلع میں اس سے متعلق کوئی اقدامات نہیں کئے گئے اور نہ ہی عہدیدار اس بارے میں غور کرنا مناسب سمجھا۔ آنگن واڑی مرکز میں مسلمانوں کی تعداد نہیں کے برابر ہے اور غریب مسلم حاملہ خواتین کو رہنمائی نہ ہونے کی وجہ سے حاملہ خواتین کو دئیے جانے والے مراعات حاصل نہیں ہورہے ہیں لہذا حکومت اس سلسلہ میں غور کرتے ہوئے حکومت کی اسکیمات کی تفصیلات اُردو میں بھی شائع کرنے اور اُردو کے ساتھ انصاف کرنے کا اُردو داں طبقہ کی جانب سے اپیل کی جارہی ہے۔