حیدرآباد۔/9جون، ( سیاست نیوز) نہرو زوالوجیکل پارک میں خطرناک جانور چیتہ سے چھیڑ چھاڑ حیدرآباد کے ایک نوجوان کی گرفتاری کا سبب بن گیا۔ ڈپٹی کمشنر پولیس ساؤتھ زون مسٹر وی ستیہ نارائنا نے بتایا کہ 26سالہ اریب طحہ مہدی ساکن اکبر باغ ملک پیٹ نے 6جون کو زو پارک میں رات کے وقت چیتہ کو رکھنے کے پنجرے کے قریب پہنچ کر چیتہ سے چھیڑ چھاڑ کی اور اس کی ویڈیو گرافی اور تصویر کشی کی اور بعد ازاں ان تصاویر کو سوشیل نیٹ ورکنگ ویب سائٹ فیس بک پر افشاء کئے۔ مسٹر ستیہ نارائنا نے مزید بتایا کہ اریب ڈسکوری چینل سے کافی دلچسپی رکھتا ہے اور جانوروں کو دیکھنے اور انہیں چھونے کی خواہش رکھتا ہے۔ اس نوجوان نے 6جون کو جانور کی رکھوالی کرنے والے ملازم کو رشوت دے کر ممنوعہ علاقہ میں داخل ہوکر جانور سے چھیڑ چھاڑ کی۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ان تصاویر کو فیس بک پر افشاء کرنے کے بعد اریب نے یہ بھی پیام عام کیا کہ وہ مزید اپنے دوستوں کو ٹیاگ کرنا بھول گیا ہے اور سنسنی خیز مشاہدہ کیلئے اس کی تصاویر دیکھنے کیلئے راغب کیا۔ پولیس بہادر پورہ نے اس نوجوان کے فیس بک اکاؤنٹ سے اس کی مکمل تفصیلات حاصل کی اور پولیس نے اریب طحہ کے خلاف غیر مجاز داخلہ اور وائیلڈ پروٹیکشن ایکٹ کے تحت ایک مقدمہ درج کرتے ہوئے اسے گرفتار کرلیا گیا۔