ممبئی 30 مارچ ( سیاست ڈاٹ کام ) کپتان پارتھیو پٹیل کی بہترین اننگز کے نتیجہ میں ٹوئنٹی 20 زونل لیگ ( ویسٹ زون ) کے ایک میچ میں گجرات نے مہاراشٹرا کے خلاف 62 رنوں سے کامیابی حاصل کرلی ۔ گجرات نے اس میچ میں پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پارتھیو پٹیل کے 53 گیندوں میں اسکور کئے گئے 70 رنوں کی بدولت اپنے 20 اوورس میں 171 رنز اسکور کئے ۔ پارتھیو پٹیل نے اپنی اننگز میں دو چھکے اور چار چوکے لگائے ۔ وینو گوپال راؤ نے 47 رن بناتے ہوئے اپنے کپتان کی مدد کی ۔
دونوں نے تیسری وکٹ کی رفاقت میں 80 رنز جوڑے تھے ۔ 172 رنوں کا تعاقب کرتے ہوئے مہاراشٹرا کی ٹیم صرف 109 رنوں پر آوٹ ہوگئی جبکہ ابھی تین اوورس باقی تھے ۔ مہاراشٹرا کی شروعات ہی بہت ناقص رہی جب کہ دوسرے ہی اوور میں اس کے تین وکٹس گرچکے تھے ۔ مہاراشٹرا کی جانب سے صرف سریکانت منڈھے نے 42 رنز اور کپتان کیدار جادھو نے 22 رن بنائے ۔ دوسرے بلے باز کوئی اثر دکھانے میں کامیاب نہ ہوسکے ۔بلے باز جلدی جلدی آوٹ ہوتے گئے ۔ گجرات کی جانب سے جسپریت بمراہ نے دو اور روہت داہیا نے دو وکٹس حاصل کئے ۔ اکشر پٹیل کو بھی دو وکٹس حاصل ہوئے ۔