فیفا کی ضابطہ اخلاق کمیٹی کی جانب سے بلاٹر اور یورپین فٹبال کے سربراہ پلاٹینی سے بھی تفتیش
جنیوا ؍ زیورخ ، 28 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) فٹبال کی عالمی تنظیم فیفا کے صدر سپ بلاٹر کا 17 سالہ اقتدار اِس ہفتے ذلت آمیز اختتام کو پہنچ سکتا ہے کیونکہ عالمی فٹبال کے کرپشن اسکینڈل نے اس کھیل کی سب سے طاقتور شخصیت کو بری طرح زوال سے دوچار کرنے کا خطرہ پیدا کردیا ہے۔ 79 سالہ بلاٹر پہلے ہی آئندہ سال فبروری میں مستعفی ہونے کا فیصلہ کرچکے ہیں، لیکن سوئس حکام کی جانب سے فوجداری تحقیقات کے تحت کئے جانے کے نتیجے میں اُن کیلئے اختتام کافی جلد ہوسکتا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ویٹرن اڈمنسٹریٹر کو رواں ہفتے ضابطہ اخلاق کمیٹی کی جانب سے تفتیش کا سامنا ہے اور انھیں معطل تک کیا جاسکتا ہے۔ دیگر گوشوں کی پیش قیاسی ہے کہ وہ ہوسکتا ہے فوری اثر کے ساتھ مستعفی ہوجائیں۔ ضابطہ اخلاق کمیٹی کے ترجمان اینڈریاس بانٹل نے نیوز ایجنسی ’اے ایف پی‘ کو بتایا کہ وہ انفرادی کیسوں کے بارے میں تبصرہ نہیں کرسکتے، اور ایسی اطلاعات کی تصدیق سے انکار کیا کہ کمیٹی نے بلاٹر کے ساتھ ساتھ صدر یو ای ایف اے مائیکل پلاٹینی کے خلاف بھی تحقیقات شروع کردی ہے، جو فٹبال کی عالمی تنظیم کا جائزہ لینے کے امیدوار ہیں۔ دریں اثناء معلوم ہوا کہ صدر فیفا بلاٹر اور یورپین فٹبال کے سربراہ پلاٹینی سے تنظیم کی ضابطہ اخلاق کی کمیٹی نے بعض بے ضابطگیوں کے متعلق پوچھ گچھ کی ہے۔ یہ قدم سوئٹزرلینڈ کے اٹارنی جنرل کی جانب سے بلاٹر کے خلاف فوجداری تفتیش کے آغاز کے بعد اٹھایا گیا ہے۔ ان پر تنظیم کے مفاد کے خلاف ایک معاہدے پر دستخط کرنے اور یونین آف یوروپین فٹبال اسو سی ایشن ( یو ای ایف اے) کے سربراہ پلاٹینی کو غلط طریقے سے رقم ادا کرنے کا الزام ہے۔ بلاٹر نے ان الزامات کو مسترد کیا ہے اور ان کے وکیل کا کہنا ہے کہ وہ تفتیش کاروں کے ساتھ پوری طرح تعان کر رہے ہیں۔ نیوز ایجنسی ’پریس اسوسی ایشن‘ کے مطابق ضابطہ اخلاق کی کمیٹی 2011ء میں 20 لاکھ سوئس کرنسی کے لین دین سے متعلق جانچ کر رہی جو پلاٹینی کو مبینہ طور پر نو برس قبل ایک کام کرنے پر دی گئی۔ سوئٹزرلینڈ میں استغاثہ نے جمعہ کو صدر فیفا بلاٹر کے خلاف فوجداری تفتیش کا آغاز کیا تھا۔ اٹارنی جنرل کے دفتر کے حکام نے پلاٹینی سے جنھوں نے 1999ء اور 2002ء میں بلاٹر کے تکنیکی مشیر کے طور پر کام کیا تھا، بطورگواہ اس سے متعلق پوچھ گچھ کی ہے۔ فرانس سے تعلق رکھنے والے پلاٹینی کو اس بات کی وضاحت پیش کرنی ہے کہ آخر ان کے کس کام کیلئے انھیں نو برس کے بعد اتنی بڑی رقم دی گئی۔ پلاٹینی نے کسی بھی طرح کا غلط کام کرنے سے انکار کیا ہے۔ 79 سالہ بلاٹر 1998ء سے فیفا کے انتظامات سنبھالے ہوئے ہیں اور ہمیشہ ہی کسی بھی قسم کے ناجائز اقدامات سے انکار کرتے آئے ہیں۔ گزشتہ مئی میں امریکی حکام کی طرف سے لگائے گئے کرپشن کے الزامات پر زیورخ میں فیفا کے پانچ افسران گرفتار کئے گئے تھے۔ بلاٹر نے 29 مئی کو پانچویں مرتبہ فیفا کا صدارتی انتخاب جیتا تھالیکن چند روز بعد ہی کرپشن کے الزامات کے بعد اپنا عہدہ چھوڑنے کا اعلان کیا تھا۔