زندگی کے مزے لوٹنے میں مصروف چوکیدار، عوام کے پیٹ کو بھول گیا

بھوک کے عالمی اشاریہ میں ہندوستان کی بدترین حالت ، وزیراعظم پر راہول گاندھی کا طنز
نئی دہلی ۔ 15 اکتوبر ۔(سیاست ڈاٹ کام) بھوک و فاقہ کشی پر عالمی سروے کا حوالہ دیتے ہوئے جس میں 119 ملکوں کی فہرست میں ہندوستان 103 ویں مقام پر ہے ، کانگریس کے صدر راہول گاندھی نے و زیراعظم نریندر مودی کو آج پھرایک نئے طنز و تنقید کانشانہ بناتے ہوئے کہاکہ وہ ( مودی) تقریریں کرتے ہوئے زندگی کا مزہ لے رہے ہیں لیکن عوام کو غذاء فراہم کرنا بھول گئے ہیں۔ بین الاقوامی غذائی پالیسی کے تحقیقی ادارہ نے بھوک کے عالمی اشاریہ میں ہندوستان کو 103 واں مقام دیا ہے جوافریقہ کے غریب زدہ ملک نائجیریا کے ساتھ ہے ۔ کانگریس نے اس صورتحال پر طنز کرتے ہوئے ٹوئیٹر پر ہندی میں لکھا کہ ’’چوکیدار تقریریں تو بہت کررہا ہے لیکن عوام کے پیٹ کو بھول گیا ہے۔ اس (چوکیدار) نے خوب یوگا کیا اور زندگی کا بھرپور لطف لے رہا ہے لیکن عوام کو غذا دینا بھول گیا ہے ‘‘ ۔ کانگریس کے سینئر لیڈر اشوک گہلوٹ نے بھی اس مسئلہ کو انتہائی سنگین قرار دیا۔ گہلوٹ نے ٹوئیٹر پر لکھا کہ ’’مودی جی اور ان کے وزراء نے غریب اور بھوکے عوام کے بارے میں کبھی کوئی بات نہیں کی ۔ اگر وہ اس مسئلہ کو تسلیم بھی نہیں کرتے تو پھر بھوکے منہ تک غذا پہونچانے کیلئے ان سے پالیسی سازی کی توقع ہی کیسے کی جاسکتی ہے‘‘۔ 119 ملکوں کی فہرست میں 2017 ء میں ہندوستان 100 ویں اور 2016 ء میں 97 ویں مقام پر تھا اور اس سال مزید گراوٹ کے ساتھ 103 ویں مقام پر پہونچ گیا ہے ۔ اس طرح وہ اپنے غریب اور کمزور پڑوسیوں سری لنکا ، نیپال اور بنگلہ دیش سے بھی پیچھے ہوگیا ہے جنھیں اس فہرست میں بالترتیب 67 واں ، 72 واں اور 86 واں مقام حاصل ہوا ہے۔