اوٹکور۔یکم ڈسمبر، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) جناب میر محتشم علی خان باڈی بلڈر حیدرآباد نے اوٹکور اور نارائن پیٹ کا دورہ کیا، ان کی آمد کی اطلاع پاکر طلباء اورنوجوانوں نے ایک اجتماع عام کا انعقاد محلہ بنڈہ کی مسجد یکمینار میں کیا گیاتھا۔ انہوں نے نارائن پیٹ کی مسجد اہلحدیث عبدالرحمن میں خطاب کے بعد اوٹکور میں بعد نماز عصر مسجد اہلحدیث میں طلباء و نوجوانوں کو خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ کی جانب سے عطاء کردہ زندگی اور صحت کو غنیمت جان کر اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کریں۔ اللہ تعالیٰ کا بے حد احسان ہے کہ ہمیں مسلمان بنایا اور امت محمدیہ میں پیدا کیا ہے۔ جناب میر محتشم خان نے قرآن مجید کی آیتوں کے حوالے سے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے انسانوں اور جنوں کو صرف اپنی عبادت کیلئے پیدا کیا ہے۔ انہوں نے نوجوانوں کو مشورہ دیا کہ اپنی جوانی کو اللہ تعالیٰ کی رضا اور عبادت میں گذاریں۔ آج کا معاشرہ مغربی تہذیب کو اپناتا جارہا ہے، مسلمانوں کو غور کرنا ہوگا کہ ہماری زندگی کا ایک ایک لمحہ کس چیز میں صرف ہورہا ہے۔ انسان دنیاوی زندگی میں مصروف ہوچکا ہے اور اپنی آخرت کو تباہ کررہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ انسان کو سوچنا چاہیئے کہ کیا ہماری صبح نماز فجر سے ہوری ہے۔ انہوں نے داڑھی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ کئی نوجوان بڑی سنت کو اپنے چہروں سے مٹارہے ہیں۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ دنیاوی زندگی کو ٹھکراکر دینوی و اُخروی زندگی پر توجہ دیں۔ اس موقع پر جناب میر محتشم خان نے نوجوانوں کو مشورہ دیا کہ برے ماحول کو چھوڑکر اسلامی ماحول کو اپنایا جائے اور قوم و ملت اور ملک کی خدمت کریں۔ اس موقع پر مولانا محمد شریف فیضی پیش امام مسجد ایکمینار، صدر کمیٹی جناب مقبول احمد، عبدالوسیم بنڈہ، محمد نصیر ملاں مسجد کمیٹی اہلحدیث گدوال، جناب انور باگو امیر مقامی جمعیت اہلحدیث، محمد سمیع، محمد مکرم کے علاوہ دیگر نوجوانان اوٹکور موجود تھے۔