میدک ٹاؤن کو ضلع ہیڈ کوارٹر کا درجہ دینے کے مطالبہ پر رام داس ایکس وے پر جاری زنجیری بھوک ہڑتال کا آغاز ہوکر ایک ماہ ہوگیا ۔ ضلع سادھنا سمیتی کی جانب سے شروع کردہ اس زنجیری بھوک ہڑتال کو مقامی بیشمار تنظیموں و سنگموں کی تائید کے علاوہ ٹی ڈی پی ‘ کانگریس ‘ بھاجپا کی بھی پوری حمایت حاصل ہوچکی ہے ۔ روزآنہ ہر پارٹی سے کئی قائدین و کارکن زنجیری بھوک ہڑتال میں حصہ لے رہیں ۔ کانگریس کے ریاستی ترجمان اعلیٰ و سابق ایم ایل اے میدک ‘ ٹی ڈی پی کے سابق ضلع صدر و سابق چیرمین بلدیہ کے علاوہ بھاجپا کے قائدین ہڑتال کیمپ پہنچ کر یگانگت کا اظہار کررہے ہیں ۔ اسی مطالبہ پر 30اکٹوبر کو بطور احتجاج مقامی تمام سرکاری و غیرسرکاری تعلیمی اداروں کو بائیکاٹ کیا گیا جو پُرامن اورکامیاب رہا ۔ آج گورنمنٹ بوائز ہائی اسکول میں سال 2013-14ء کے اکیڈیمک ایئر میں دسویں جماعت میں اعلیٰ نشانات حاصل کرنے والے طلبہ کو کیش ایوارڈ عطا کرنے کا پروگرام رکھا گیا تھا جو بندکی وجہ ملتوی کرنا پڑا ۔ مختلف سیاسی پارٹیوں کی جانب سے ایوارڈ تقریب کے انعقاد سے پہلے بوائز ہائی اسکول پہنچ کر احتجاج کیا گیا ۔