زمبابوے ‘جنوبی افریقہ اور آسٹریلیاسیریز کا میزبان

ہرارے۔11اپریل ( سیاست ڈاٹ کام ) زمبابوے اگست میں جنوبی افریقہ اور آسٹریلیا کرکٹ ٹیموں کی میزبانی کرے گا۔ جنوبی افریقہ میزبان ٹیم زمبابوے کے خلاف ایک ٹسٹ اورتین ون ڈے میچز کھیلے گا۔بعد ازں آسٹریلیا، جنوبی افریقہ اورزمبابوے کے درمیان سہ رخی سیریز بھی کھیلی جائے گی۔ جنوبی افریقہ 2001کے بعد پہلی مرتبہ زمبابوے کے خلاف ایک ٹسٹ اور2007 کے بعد تین ونڈے میچز کھیلے گا۔اس ضمن میں زمبابوے کرکٹ بورڈ کے منیجنگ ڈائریکٹر ویلفرائیڈ موکونڈیوا نے کہا ہے کہ جنوبی افریقہ اورآسٹریلیا جیسی مضبوط ٹیموں کے ساتھ کھیلنے سے کھلاڑیوں کو بہت کچھ سیکھنے کو ملے گا۔ خوشی ہے کہ ہمیں ان ٹیموں کی میزبانی کرنے کا موقع ملا ہے۔ڈائرکٹر نے کہا کہ ہمارے کھلاڑیوں کو دونوں ٹیموں سے مقابلہ کرنے کیلئے سخت محنت کرنی ہوگی۔

میزبان ٹیم کیلئے مہمان ٹیموں کو شکست سے دوچار کرنا ایک چیلنج ہوگا۔ زمبابوے نے گزشتہ سال سے اپنی سرزمین پر بین الاقوامی میچ نہیں کھیلا ہے ۔ زمبابوے کی ٹیم نے آخری مرتبہ ہوم سرزمین پر گزشتہ سال پاکستان کے خلاف ستمبر میں ٹسٹ میچ کھیلا تھا اس کے بعد زمبابوے کرکٹ نے فنڈز کی کمی کی وجہ سے سری لنکا اور افغانستان کے خلاف سیریز کی میزبانی سے معذرت کی تھی۔ زمبابوے کرکٹ کے منیجنگ ڈائریکٹر ولفریڈ نے جنوبی افریقہ کی خلاف سیریز اور اس کے بعد سہ ملکی سیریز کی میزبانی پر خوشی کا اظہار کیا اور کہا کہ کھلاڑیوں کے پاس اپنی کارکردگی کو بہتر بنانے کا نادر موقع ہے ۔ واضح رہے کہ زمبابوے کرکٹ بورڈ اور کھلاڑیوں کے درمیان مالی معاملات کو لیکر حالیہ دنوں میں تعلقات کشیدہ ہونے کے علاوہ کھلاڑیوں نے احتجاج بھی کیا تھا ۔