زمبابوے ۔ جنوبی افریقہ ٹسٹ سیریز منسوخ

ہرارے۔29 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) مالی طور پر بدحال اور کھلاڑیوں کی ہڑتال کے باعث زمبابوے کرکٹ بورڈ نے جنوبی افریقہ کے خلاف ٹسٹ میچ کھیلنے سے معذرت کرلی۔ زمبابوے کرکٹ بورڈ کے ترجمان نے کہا ہیکہ زمبابوے ابھی اسموقف میں نہیں کہ وہ جنوبی افریقہ کی جانب سے دی جانے والی پیشکش کو قبول کرے۔ انہوںنے کہاکہ اس کے بجائے زمبابوے کی ٹیم اگست میں جنوبی افریقہ کیخلاف دو ٹسٹ اور ٹوئنٹی 20 پر مشتمل سیریز کھیلے گی۔ ترجمان نے مزید کہاکہ کھلاڑیوں کو تنخواہوں کی ادائیگی جلد کردی جائے گی جس کے بعد معاملات بہتر ہوجائیں گے۔خیال رہے کہ زمبابوے کے کھلاڑی تنخواہوں کی عدم ادائیگی کی وجہ سے گزشتہ سال سے ہڑتال پر ہیں۔ اسی وجہ سے زمبابوے نے دورہ سری لنکا اور افغانستان بھی منسوخ کیا ہے۔

میسی کے معاہد میں توسیع ہوگی: بارتومیو
میڈرڈ۔29 جنوری (سیاست ڈاٹ کام ) فٹبال کلب بارسلونا کے صدر ہوسیپ ماریا بارتومیو نے کہا ہے کہ اسٹار کھلاڑی لیونل میسی برائے فروخت نہیں ہیں اور کلب ان کے ساتھ معاہدے میں تجدید کا ارادہ رکھتا ہے۔26سالہ میسی چار مرتبہ ’’بیلاں دور‘‘ انعام جیت چکے ہیں۔ اطلاعات کے مطابق فرانسیسی کلب پیرس سینٹ جرمین میسی کو حاصل کرنے میں دلچسپی رکھتا ہے۔اس سیزن میں میسی نے بارسلونا کے 36 گولس میں معاونت کی ہے اور 20 میں سے 16 میچوں میں وہ فاتح ٹیم کے رکن رہے ہیں۔ ماریا نے مزید کہا ہے کہ کلب ان سے ملاقات کر کے نئے معاہدے کے لیے مذاکرات کرے گا۔ ہم اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ انھیں سب سے زیادہ معاوضہ ملے۔گزشتہ سال میسی نے 50 میچوں میں 60 گول کیے تھے تاہم اس سال وہ اپنی فارم برقرار نہیں رکھ سکے ہیں۔ اب تک انہوں نے صرف 18 گول کیے ہیں اور ان میں سے بھی صرف 8 لیگ میچوں میں ہیں۔ تاہم انھوں نے 20 میچوں میں 36 گولوں میں مدد کی ہے۔لیگ میچوں میں انھوں نے آخری گول ستمبر کے مہینے میں کیا تھا جس کے بعد وہ زخمی ہونے کی وجہ سے پانچ ہفتوں کے لیے کھیل نہیں سکے۔بارسلونا کے کوچ گریگاردو مارٹینو نے کہا کہ میسی سب کچھ کر سکتے ہیں۔اگر وہ کھیل کے دوسرے حصوں میں کامیاب ہوں تو اس بات سے فرق نہیں پڑتا کہ وہ گول کر رہے ہیں یا نہیں؟