لاہور ۔28 مئی۔(سیاست ڈاٹ کام) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے سلو اوور ریٹ پر زمبابوے کے کپتان ایلٹن چگمبورا پر دو میچز کی پابندی عائد کردی ہے اور اب وہ پاکستان کے خلاف سیریز کے بقیہ دو میچز نہیں کھیل سکیں گے۔آئی سی سی کے مطابق پہلے ونڈے میں زمبابوے نے مقررہ وقت میں تین اوورز کم کروائے جسکے باعث آئی سی سی قوانین کے مطابق زمبابوے کے کپتان چگمبورا پر دو میچز کی پابندی عائد کی گئی۔آئی سی سی نے مہمان ٹیم کے دیگر کھلاڑیوں پر میچ فیس کا 40 فیصد جرمانہ بھی عائد کیا۔اگر کوئی ٹیم کسی ونڈے یا ٹوئنٹی 20میں مقررہ وقت کے دوران دو اوورز پیچھے رہے تو اسے آئی سی سی ضابطہ اخلاق کی سنگین خلاف ورزی سمجھا جاتا ہے۔ اگر زمبابوے کے کپتان آئندہ 12 ماہ کے دوران کسی ونڈے میں دوسری مرتبہ سلو اوور ریٹ کا شکار ہوتے ہیں تو انہیں دو سے آٹھ مقابلوںکی معطلی کا سامنا ہوسکتا ہے۔