بلاوایو ، 23 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کا کہنا ہے کہ زمبابوے کے خلاف جیت کا کریڈٹ پوری ٹیم کو جاتا ہے ۔ خوشی کی بات ہے کہ نوجوان کھلاڑی ذمہ داری لے کر ہمیں فتح دلا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ فخر زمان اور امام الحق نے سیریز میں یاد گار کارکردگی دکھائی دونوں کی جس قدر تعریف کی جائے وہ کم ہے ۔ ایک ماہ آرام کرکے ایشیا کپ کے لئے تیاریاں شروع کریں گے ۔ اس کے بعد آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کی بڑی سیریز ہماری منتظر ہیں۔اتوار کو میچ کے بعد پریس کانفرنس میں انہوں نے اعتراف کیا کہ زمبابوے کی موجودہ ٹیم ماضی والی ٹیم نہیں ہے لیکن ہماری کوئی خامی نہیں ہے ۔ ہم اس سیریز کے ذریعے ایشیا کپ کی تیاری کرنا چاہتے تھے مجھے خوشی ہے کہ تیاری درست انداز میں ہوئی ہے۔ سرفراز احمد نے کہا کہ اس سیریز میں فخر زمان اور امام نے ہمارے پلان کے مطابق بیٹنگ کی اور ان کی کارکردگی مستقبل میں ہمارے لئے بہتری پیدا کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے حریف کو آسان نہیں لیا اور میچ بائی میچ پلان کیا۔مین آف دی سیریز فخر زمان نے کہا کہ میں نے اس سیریز سے بھرپور انجوائے کیا۔ 2016 میں میں یہاں پاکستان اے ٹیم کے ساتھ آیا تھا۔ اس وقت بھی میری کارکردگی اچھی تھی لیکن پاکستان ٹیم کے ساتھ اس کارکردگی کو ہمیشہ یاد رکھوں گا۔