ہیملٹن۔16 فبروری(سیاست ڈاٹ کام) جنوبی افریقہ کو پریشان کرنے والی ٹیم زمبابوے کے بارے میں جنوبی افریقی کپتان اے بی ڈیویلیئرز نے پیش قیاسی کی ہے کہ وہ ورلڈ کپ میں حیران کریں گے۔ٹورنمنٹ کی کمزور ٹیموں میں شمار کی جانے والی زمبابوے نے جنوبی افریقہ کے خلاف بہترین کھیل پیش کرتے ہوئے ایک موقع پر 83 رنز کے عوض جنوبی افریقہ کے چار بیٹسمینوں کو پویلین لوٹا دیا تھا۔تاہم ڈیوڈ ملر اور جے پی ڈومینی کے درمیان 256 رنز کی ناقابل شکست شراکت نے زمبابوے کے خلاف پہاڑ جیسا 340 رنز کا نشانہ کھڑا کردیا۔جواب میں زمبابوے نے بھی بہترین بیٹنگ کرتے ہوئے 277 رنز بنائے اور مشکل نشانے کے باوجود ٹورنمنٹ کی پسندیدہ ٹیم سے صرف 62 رنز سے شکست کھائی۔ڈویلیئرز نے کہا کہ وہ اپنی ٹیم کی کارکردگی سے خوش ہیں اور ایک اچھے مقابلیکے بعد وہ میچ جیتے۔زمبابوے کی کارکردگی پر ڈویلیئرز نے کہا کہ اگر زمبابوے ٹورنمنٹ میں کچھ بڑی ٹیموں کو ہرادیتی ہے تو انہیں بالکل حیرت نہیں ہوگی۔ زمبابوے نے وکٹ کے حالات کا فائدہ اٹھایا اور آغاز میں 15تا 20 اوورز کے دوران بیٹنگ کرنا مشکل تھا تاہم بعد میں بیٹنگ آسان ہوگئی۔