زمبابوے کو اننگز اور120رنز کی شکست

پورٹ الزبتھ۔28 ڈسمبر(سیاست ڈاٹ کام)کرکٹ کی تاریخ کے پہلے 4 روزہ ٹسٹ میچ کا فیصلہ 2 دن میں ہی ہوگیا اورجنوبی افریقہ نے مہمان ٹیم زمبابوے کو ایک اننگز اور120 رنز سے شکست دیدی۔پورٹ الزبتھ میں کھیلئے گئے ڈے اینڈ نائٹ ٹسٹ کے دوسرے دن زمبابوے نے 30رنز 4 وکٹ آوٹ پر اننگز شروع کی لیکن پوری ٹیم 68رنز پر سمٹ گئی۔جنوبی افریقہ نے مہمان ٹیم کو فالو آن کروایا لیکن زمبابوے ٹیم کی دوسری اننگز صرف 121 رنز تک ہی محدود رہی جس کے بعد زمبابوے کو جنوبی افریقہ سے ایک اننگز اور 120 رنز کی عبرتناک شکست سے دوچار ہونا پڑا۔اس سے قبل جنوبی افریقہ نے پہلی اننگز میں 309رنز 9 کھلاڑی آوٹ پر ڈیکلیئر کردی تھی۔ یاد رہے کہ زمبابوے اور جنوبی افریقہ کے درمیان پورٹ ایلزبتھ کے اس ٹسٹ نے نئی تاریخ رقم کی کیونکہ یہ کرکٹ کا پہلا چار روزہ ٹسٹ میچ تھا ۔ گلابی گیند سے کھیلے جانے والے ڈے اینڈ نائٹ میچ کے پہلے دن بولروں کا راج رہا۔خاص طور پر روشنیوں میں گلابی گیند نے بیٹسمینوں کو خاصہ پریشان کیا۔ میزبان ٹیم نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ مستقل کپتان فاف ڈوپلیسی زخمی ہونے کے سبب شرکت نہ کرسکے ان کی جگہ ابراہم ڈیویلیئرز نے لی۔ افریقہ نے پہلے کھیلتے ہوئے نو وکٹ پر 309 رنز بنا کر پہلی اننگز ختم کردی۔افریقہ کی جانب سے مارک رام نے 125، ابراہم ڈیویلیئرز نے 53، ٹمبا بائوما نے 44، ڈین ایلگر نے 31 اور کوائنٹن ڈی کاک نے 24 رنز اسکور کئے۔