زمبابوے کو آخری مقابلے میں بھی شکست،آسٹریلیا کامیاب

ہرارے۔6 جولائی(سیاست ڈاٹ کام)زمبابوے میں رواں سہ رخی سیریز کے چھٹے اورآخری مقابلے میں بھی میزبان ٹیم کو شکست ہوئی جیسا کہ کامیابی کے لئے مطلوبہ نشانہ 152رنز آسٹریلیائی ٹیم نے 19.5 اوورس میں 5 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ زمبابوے نے ٹاس جیت کرپہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا اور سولمن میرے کی ایک اورشاندار نصف سنچری کی بدولت مقررہ اوورس میں 151 رنز بنائے۔سولمن نے پھر ایک مرتبہ تنہا بہتر مظاہرہ کیا اوراپنی اننگز میں 5 چوکوں اور دوچھکوں پر مشتمل اننگز میں 63 رنز کی اننگز کھیلی۔آسٹریلیا کیلئے فاسٹ بولر ٹائی نے 28رنز دے کر 3 کھلاڑیوں کا آوٹ کیا جس پر انہیں مین آف دی میچ قراردیا گیا۔مطلوبہ نشانے کے تعاقب میں آسٹریلیا کیلئے اعظم ترین اسکورمیکس ویل نے 56 رنز کی شکل میں بنایا جس میں انہوں نے 5 چھکے بھی لگائے۔رواں سیریز کا فائنل اتوار کوپاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان ہوگا ۔گروپ مرحلے میں دونوں ہی ٹیموںنے ایک دوسرے کیخَلاف ایک ایک کامیابی حاصل کی ہے۔