لاہور، 27 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) زمبابوے کی کرکٹ ٹیم پاکستان کے دورے پر آئے گی یا نہیں، اس بارے میں اگلے چوبیس گھنٹوں میں تصدیق ہوجائے گی جبکہ زمبابوے کی ٹیم کے رہائشی اخراجات اور کھلاڑیوں کی میچ فیس پاکستان کرکٹ بورڈ برداشت کرے گا۔ ذرائع کے مطابق زمبابوے کرکٹ یونین نے دورۂ پاکستان کیلئے پی سی بی سے پانچ لاکھ ڈالر طلب کئے ہیں۔ اس رقم میں کھلاڑیوں کی میچ فیس اور ایئر ٹکٹس بھی شامل ہیں۔ زیڈ سی یو دورہ ٔپاکستان کے حوالے سے تصدیق اگلے چوبیس گھنٹوںمیں کرے گی۔ پاکستان اور زمبابوے کے درمیان تمام میچز لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں ہوں گے۔ دورے میں مہمان ٹیم تین ونڈے اور دو ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے گی۔ ذرائع کے مطابق زمبابوے کے کھلاڑی لاہور کی نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں قیام کریں گے۔