زمبابوے ٹیم کی سکیورٹی کیلئے پولیس کیساتھ رینجرز بھی طلب

لاہور۔16 مئی۔(سیاست ڈاٹ کام) پاکستان ۔زمبابوے کرکٹ سیریز کیلئے سکیورٹی پلان کو حتمی شکل دیدی گئی ہے۔ لاہور پولیس نے حکومت کی ہدایت پر اہلکاروں کی تعداد تین ہزار سے بڑھاکر 5000 کر دی جب کہ رینجرز کی تین کمپنیاں بھی سکیورٹی میں معاونت کے لئے مانگ لی گئی ہیں اور ضرورت پڑنے پر موبائیل سرویس بھی معطل کی جا سکتی ہے۔ صوبائی وزیر داخلہ نے کہاکہ دنیائے کرکٹ کی نظریں اس وقت پاکستان پر لگی ہیں۔ اس دورے کی کامیابی کی صورت میں کرکٹ کھیلنے والے ممالک ضرور پاکستان کا دورہ کریں گے۔ ڈی آئی جی آپریشنز لاہور ڈاکٹر حیدر اشرف نے کہا کہ سکیورٹی کی فل ڈریس ریہرسل ایرپورٹ سے ہوٹل اور ہوٹل سے قذافی اسٹیڈیم تک کی گئی۔ زمبابوے ٹیم کو باکس سکیورٹی دی جائے گی جو سربراہان ِمملکت کو دی جاتی ہے۔ کرکٹ سیریز کے لئے پانچ خصوصی پچز کی تیاری کے ساتھ ساتھ قذافی اسٹیدیم کو بھی دلہن کی طرح سجایا جا رہا ہے۔ نیا رنگ و روغن اور لیویش گرین گھاس اسٹیڈیم کی خوبصورتی کو چار چاند لگا رہی ہے۔