زمبابوے نے دورۂ پاکستان کی تصدیق کر دی

ہرارے ، 30 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) چیرمین زمبابوین کرکٹ یونین نے دورۂ پاکستان کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ زمبابوے کی ٹیم مئی میں پاکستان کا دورہ کرے گی۔ انہوں نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنی ٹوئٹ میں اس بات کی تصدیق کردی ہے۔ چیرمین ولسن مناسے نے پریس کانفرنس سے خطاب میں کہا کہ ’’میں زمبابوے کی ٹیم کے دورۂ پاکستان کی تصدیق کرتا ہوں اور ٹیم مئی میں پاکستان کا دورہ کرے گی‘‘۔ انہوں نے کہا کہ یہ ہماری ذمے داری تھی کہ دورے کے اعلان سے قبل ہم اپنے کمیشن کے ذریعے کھلاڑیوں، اُن کے والدین اور حکومت کو کھلاڑیوں کی حفاظت بتائیں‘‘۔ مارچ 2009ء میں لاہور میں سری لنکا کرکٹ ٹیم پر مبینہ دہشت گردانہ حملے کے بعد سے کسی انٹرنیشنل کرکٹ ٹیم نے پاکستان کا دورہ نہیں کیا ہے۔