زمبابوے سے ہوم سیریز میں شعیب ملک کو موقع ملنے کا امکان

لاہور ۔14 مئی۔(سیاست ڈاٹ کام) زمبابوے کے خلاف سیریز کیلئے تجربہ کار آل راؤنڈر شعیب ملک کو ایک اور موقع ‘ ملنے کا امکان روشن ہوچلا ہے۔ انھوں نے گزشتہ روز سیالکوٹ اسٹالینز کی نمائندگی کرتے ہوئے پشاور پینتھرز کیخلاف 49 گیندوں پر 95رنز بٹور کر سلیکٹرز کی توجہ اپنی جانب مبذول کرالی۔ ہارون رشید کی سربراہی میں قائم پاکستانی سلیکشن کمیٹی کھلاڑیوں کی صلاحیتوں کو جانچنے کیلئے فیصل آباد پہنچ چکی ہے۔کمیٹی میں سربراہ ہارون کے ساتھ ارکان سلیم جعفر، اظہر خان اورکبیرخان شامل ہیں۔ سلیکٹرز نیشنل سوپر ایٹ ٹی ٹوئنٹی میں کھلاڑیوں کی فام اور فٹنس کا ڈاٹا تیار کریں گے۔ سمجھا جارہا ہے کہ عمراکمل کی کارکردگی کا بغور جائزہ لیا جائے گا۔ قذافی اسٹیڈیم میں پچس کی تیاری کا کام شروع ہوگیاہے۔ آئندہ سال ہندوستان میں مقررہ ورلڈ ٹوئنٹی 20 کیلئے نوجوان کرکٹرزکا ڈاٹا بھی مرتب کیا جائے گا۔ بعد ازاں پاکستان ٹیم کو سری لنکا کا دورہ بھی کرنا ہے جہاں آل راؤنڈر شعیب ملک کی ماضی میں کارکردگی اچھی رہی ہے۔منتخب کھلاڑیوں کی نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں تربیت اور معیاری فٹنس کیلئے کام کیا جائے گا۔