دبئی۔27 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام ) پاکستان کے سابق کپتان وسیم اکرم نے کہا ہے کہ زمبابوے کے ساتھ بہت زیادہ کھیلنا پاکستان ٹیم کی ناقص کارکردگی کا بنیادی سبب ہے اور ہمیں درجہ بندی میں نچلی ٹیموں کے ساتھ کم میچز کھیلنے چاہئیں۔ پاکستان ٹیم کی ایشیا کپ میں ہندوستان سے لگاتار شکست اور بنگلہ دیش کے مقابلے میں تقابلی جائزہ پیش کر رہے تھے۔ وسیم اکرم نے کہا کہ میں خود اس بات کے حق میں ہوں کہ ہمیں کھیل کو زیادہ سے زیادہ فروغ دینا چاہیے لیکن اس مقصد کیلئے کسی بھی چھوٹی ٹیم سے ایک میچ کھیلنے میں کوئی مضائقہ نہیں لیکن زمبابوے جاکر وہاں پر 5 ونڈے اور 3 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلنے سے کیا سیکھا اور کیا فائدہ ہوا، ٹیم یا کھلاڑیوں کو اس قسم کے دوروںسے کچھ بھی حاصل نہیں ہوسکتا، وہاں پر ہمارے بیٹسمین رنز کے انبار لگاتے ہیں، ڈبل سنچریاں اسکور کرتے ہیں لیکن جب ان کا سامنا اچھی بولنگ اور بڑی ٹیموں سے ہوتا ہے تو انہیں ایسے ہی نتائج کا سامنا کرناپڑتا ہے اور وہ ناکامی کا شکار ہوجاتے ہیں۔یاد رہے کہ اس سے قبل اکرم نے چمپئینز ٹرافی میں پاکستان کی کامیابی کو ایک اتفاق قراردیا تھا جس کے جواب میں انکی ساتھی اور پاکستانی سابق اسپنر ثقلین نے پاکستانی ٹیم کی حمایت کی تھی۔