لاہور ، 24 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کی قومی ٹیم زمبابوے سے کرکٹ سیریز کھیلنے کے لئے پنجاب کے دارالحکومت لاہور سے روانہ ہوچکی ہے۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق پاکستانی ٹیم صبح سویرے دبئی پہنچے گی، جہاں سے وہ ہرارے کیلئے روانہ ہوگی۔ ’گرین شرٹس‘ زمبابوے کے مختصر دورے کے دوران دو ٹی ٹوئنٹی اور 3 ایک ونڈے انٹرنیشنل میچز کھیلیں گے۔ شاہد آفریدی کی قیادت میں ٹیم 27 اور 29 ستمبر کو ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے گی جبکہ ٹی ٹوئنٹی کیلئے پاکستانی ٹیم میں کئی نوجوان کھلاڑیوں کو بھی شامل کیا گیا ہے۔ تین او ڈی آئی میچوں کی سیریز کا آغاز یکم اکتوبر کو ہوگا جبکہ دوسرا ونڈے میچ 3 اکتوبر اور تیسرا 5 اکتوبر کو کھیلا جائے گا۔ ونڈے سیریز میں اظہرعلی پاکستانی ٹیم کی کمان سنبھالیں گے۔ اظہرعلی، سرفراز احمد اور اسد شفیق سعودی عرب میں فریضہ حج کی ادائیگی کے بعد ہرارے میں پاکستانی ٹیم میں شامل ہوں گے۔ دورۂ زمبابوے کے لئے انتخاب عالم کو پاکستانی ٹیم کا منیجر مقرر کیا گیا ہے، جنہیں نوید اکرم چیمہ کے مستعفی ہوجانے کے بعد عارضی طور پر یہ ذمہ داری سونپی گئی ہے۔