ہرارے/دبئی۔27 جون (سیاست ڈاٹ کام ) زمبابوے کے صدر پر حملے کے بعد مجوزہ سہ ملکی ٹی ٹونٹی سیریز خطرات سے دوچار ہو گئی ہے۔ زمبابوے کے صدر ایمرسن ریلی کے دوران بم دھماکے میں بال بال بچ گئے تھے۔سکیورٹی کی غیریقینی صورتحال پر پاکستان کر کٹ بورڈ اور کرکٹ آسٹریلیا پریشانی کا شکار ہے۔ ترجمان کرکٹ آسٹریلیا کے مطابق دورہ بدستور منصوبہ کا حصہ ہے لیکن بورڈ صورتحال کا جائزہ لے رہا ہے اور متعلقہ اتھارٹیز سے رابطہ کیا گیا ہے ۔ پلیئرز اور عملہ کی حفاظت کو مقدم رکھا جائے گا۔زمبابوے کے کرکٹرز اور ان کے بورڈ کے مابین معاوضوں کی عدم ادائیگی پر پہلے ہی تنازعہ چل رہا ہے ۔ زمبابوے کے ڈکٹیٹر رابرٹ موگابے کے 37 سالہ دور اقتدار کے خاتمہ کے بعد آسٹریلیائی ٹیم پہلی مرتبہ زمبابوے کا دورہ کر رہی ہے ، اس تمام صورتحال کی وجہ سے سہ رخی سیریز ملتوی کئے جانے کاامکان پیدا ہوگیاہے۔زمبابوے میں یکم جولائی سے شروع ہونے والی سیریز میں پاکستان کو پسندیدہ قرار دیا جا رہا ہے لیکن اسی دوران ٹی ٹوئنٹی کی حکمران ٹیم کا پہلے مقام کو آسٹریلیا کی جانب سے خطرات بھی لاحق ہیں جو کامیابیوں کی بدولت مختصر فارمیٹ کی سرفہرست ٹیم بن سکتی ہے۔ انگلش ٹیم بھی فتوحات کے ساتھ اس منصب پر فائز ہو سکتی ہے لہٰذا آئندہ دو ہفتوں کے دوران ٹی ٹوئنٹی ٹیم درجہ بندی میں کافی نشیب وفراز کے امکانات ہیں۔ پاکستانی ٹیم فی الوقت131پوائنٹس کے ساتھ پہلے مقام پرہے جبکہ آسٹریلیا اس سے پانچ پوائنٹس پیچھے دوسرے نمبر پر موجود ہے جو آئندہ دنوں انگلینڈ کیخلاف واحد ٹی ٹوئنٹی کے نتیجے سے قطع نظر اس سیریز میں پاکستان اور زمبابوے کیخلاف اپنے چاروں میچز جیت کر پہلے مقام پر فائز ہو سکتی ہے اور پاکستانی ٹیم کی زمبابوے کیخلاف دونوں میچوں میں کامیابی بھی اس کی راہ میں رکاوٹ نہیں بن سکے گی۔ آسٹریلیائی ٹیم انگلینڈ کیخلاف واحد ٹی ٹوئنٹی کے بعد سہ رخی سیریز میں چاروں لیگ میچز اور فائنل میں ممکنہ حریف پاکستان کیخلاف کامیابی کے بعد 137 پوائنٹس کی مالک بن سکتی ہے اسی طرح پاکستان کو چاروں لیگ میچز اور آسٹریلیا کیخلاف فائنل جیت کر 136 پوائنٹس تک رسائی مل جائے گی۔بارہویں نمبر پر موجود زمبابوے ٹیم ہوم سیریز میں ایک فتح کے بعد اسکاٹ لینڈ کو پیچھے چھوڑ سکتی ہے۔