کراچی ۔10 مئی (سیاست ڈاٹ کام )زمبابوے کے ایک سکیورٹی وفد نے پاکستان میں اپنی کرکٹ ٹیم کے لئے کئے جا رہے حفاظتی انتظامات کو تسلی بخش قرار دیا ہے جس کے بعد پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کی واپسی کے امکانات روشن ہوگئے ہیں کیونکہ زمبابوے کی کرکٹ ٹیم رواں ماہ پاکستان کا دورہ کرنے والی ہے۔ زمبابوے کے چار رکنی سکیورٹی وفد نے سابق کپتان الیسٹرکیمبل کی قیادت میں قذافی اسٹیڈیم لاہور کا دورہ کیا جہاں انہیں مہمان کھلاڑیوں کے لئے کئے جا رہے حفاظتی انتظامات سے متعلق پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف آپریٹنگ آفیسر سبحان احمد اور ڈائریکٹر پی سی بی ذاکر خان نے تفصیلات فراہم کی۔ قذافی اسٹیڈیم اور اس سے متصل نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں سہولیات کا جائزہ لینے کے بعد سکیورٹی وفد نے نشتر پارک اسپورٹس کمپلیکس میں پاکستان اور زمبابوے سیریز کے لئے قائم کئے گئے سکیورٹی کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کا دورہ کیا، جہاں انہیں پاکستانی سکیورٹی حکام نے تفصیلات دیں۔2009 میں سری لنکائی کرکٹ ٹیم پرجان لیواحملے کے بعد سے زمبابوے دنیا کی پہلی کرکٹ ٹیم ہے جس نے پاکستان آنے کی حامی بھری۔ سابق کپتان الیسٹر کیمبل نے جو زمبابوے کرکٹ بورڈ کے مینجنگ ڈائریکٹر بھی ہیںمیڈیا سے کہا کہ انہیں خاطر خواہ سکیورٹی انتظامات دیکھ کر خوشی ہوئی ہے اور زمبابوے کی ٹیم کے تمام کھلاڑی پاکستان آنے کے لئے تیار ہیں۔الیٹسر کیمبل نے مزید کہا کہ طویل عرصے سے دنیا کی کوئی ٹیم پاکستان نہیں آئی، اس لئے ہم دورہ پاکستان کی بابت بے حد پرجوش ہیں۔
دونوں ممالک کے کرکٹ بورڈز کے درمیان ایک سال سے اس دورہ کے حوالے سے بات چیت چل رہی تھی اور اب ہم نے یہاں آنے کی کی حامی بھر لی۔ انہوں نے کہا کہ زمبابوے کی کرکٹ ٹیم یہ دورہ آئی سی سی سی کی رضامندی سے کر رہی ہے۔الیسٹر کیمبل نے، جن کی قیادت میں زمبابوے نے 1998 میں پاکستان آ کرٹسٹ سیریزجیتی تھی کہا کہ وہ اپنے دور میں پاکستان کے دیگر شہروں فیصل آباد، راولپنڈی اور شیخوپورہ میں بھی کھیل چکے ہیں تاہم زمبابوے کی موجودہ ٹیم صرف لاہور میں کھیلے گی۔ کمیبل کے بموجب لاہور میں کھیلنا ایک ابتدا ہے، اگلی مرتبہ ہم پاکستان کے دیگر شہروں میں بھی کھیلنا پسند کریں گے کیونکہ یہ کرکٹ کی جیت ہو گی۔زمبابوے کے کسی بھی کھلاڑی کو پاکستان آنے پر اعتراض نہیں اور تمام کھلاڑی ٹیم کے انتخابکے لئے دستیاب ہیں۔ بین الاقوامی کرکٹرز کی تنظیم فیقا کی جانب سے دورۂ پاکستان پر تحفظات کے سوال پر کیممبل نے کہا کہ زمبابوے کا فیقا سے کوئی لینا دینا نہیں۔کیمبل نے امید ظاہر کی کہ پاکستان زمبابوے ٹیم کے سیکورٹی انتظامات پر کوئی کسرنہیں چھوڑیگا۔زمبابوے کی کرکٹ ٹیم 19 مئی کو ہرارے سے لاہور پہنچے گی جہاں 22 مئی سے دونوں ٹیموں کے درمیان دو ٹوئنٹی 20 اورتین ونڈے مقابلوں کی سیریز کھیلی جائے گی۔