کراچی۔24مارچ (سیاست ڈاٹ کام)اسلام آباد یونائیٹڈ اور پشاور زلمی کی ٹیموں کے درمیان پی ایس ایل کا فائنل اتوار کو نیشنل کرکٹ اسٹیڈیم، کراچی میں کھیلا جائیگا۔ اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم کی قیادت مصباح الحق کرینگے جبکہ پشاور زلمی کی قیادت ڈیرن سیمی کرینگے۔ فائنل کیلئے تیاریاں اور جوش و خروش عروج پر ہے۔ ایک طرف کامران اکمل کا مقابلہ لیونک رونکی کرینگے تو فہیم اشرف کا جواب حسن علی دیںگے۔میچ کے لئے سیکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں، جگہ جگہ بڑی بڑی ا سکرینیں لگائی جا رہی ہیں، اسٹیڈیم میں تعمیری کام تقریبا مکمل ہیں ۔وزیراعلی مراد علی شاہ سمیت کئی سیاستدانوں نے ٹکٹ خرید لئے ہیں۔پیش قیاسی کرنے میں سندھ کے مشہور سیاستدان منظور وسان نے پشاور زلمی کے فائنل جیتنے کی بات کی ہے۔ اسلام آباد کے دیگر کھلاڑی 24مارچ کو دبئی سے اسلام آباد پہنچے ،جبکہ پشاور زلمی کی ٹیم کراچی کنگز کو شکست دے کر فائنل کیلئے لاہور سے کراچی پہنچ چکی ہے۔پاکستان ایر لائنز کے طیارے میں خوشگوارسفر میں مسافروں نے کھلاڑیو ں کے ساتھ سیلفیاں بنائیں۔عالمی شہرت یافتہ کرکٹ لیجنڈ ویوین رچرڈز بھی اپنی اہلیہ کے ہمراہ کراچی پہنچ چکے ہیں۔ میچ پاکستانی وقت کے مطابق شام 7 بجے شروع ہوگا۔ پی ایس ایل کی فائنلسٹ ٹیموں کے کپتانوں نے میچ میں کامیابی کیلئے بیانات دیئے ہیں اور توقع کی جارہی ہے کہ پی ایس ایل کا فائنل انتہائی دلچسپ اور مسابقتی ہوگا۔