زعفرانی لباس پہننے پر اسپیکر لوک سبھا سے بی جے پی رکن کا اظہار تشکر

نئی دہلی 28 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) مہاراشٹرا سے تعلق رکھنے والے بی جے پی کے ایک رکن پارلیمنٹ نے اپنی ریاست میں منائے جانے والے سال نو ’’گڈی پڈاوا‘‘ کے موقع پر اسپیکر سمترا مہاجن کو زعفرانی لباس زیب تن کرنے پر مبارکباد دی۔ گوپال چنیا شٹی نے کہاکہ ’’میم صاحبہ، مجھے اپنی آبائی ریاست میں گڈی پڈاوا نہ منانے پر کسی قدر افسوس ہے شائد آپ کے احساسات بھی ایسے ہی ہوں گے۔ لیکن مجھے خوشی ہے کہ آپ نے مجھے ایوان میں خطاب کرنے کا موقع دیا۔ میں آپ کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں کہ اس موقع (گڈی پڈاوا کے) موقع پر آپ نے زعفرانی رنگ کا بلوز زیب تن کیا‘‘۔ وقفہ صفر کے دوران شٹی کے ان تبصروں پر ارکان کے قہقہے بلند ہوئے اور ایوان زعفران زار ہوگیا۔

 

۔20 ہزار کروڑ کا اسکام ، کانگریس کا الزام
نئی دہلی ، 28 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس نے سرکاری استعمال کیلئے ایل ای ڈی (LED) بلبس کی ایک سرکاری ملکیتی کمپنی کی جانب سے حصولیابی میں ملک گیر سطح پر 20,000 کروڑ روپئے کے اسکام کا الزام عائد کرتے ہوئے اس کی سپریم کورٹ کی نگرانی میں تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔ کانگریس ترجمان شکتی سنہہ گوہل نے کہا کہ وزارت برقی کے پی ایس یوز کا جوائنٹ وینچر EESL ایل ای ڈی بلبوں کی خریداریاں کررہا ہے اور سپریم کورٹ اور ویجلنس کمیشن کی رہنمایانہ خطوط کی خلاف ورزی کی جارہی ہے۔