یلاریڈی۔/23ستمبر، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ریاست بھر میں پہلے مرحلہ کے زرعی قرض معافی کیلئے4500کروڑ روپئے کی اجرائی پر منڈل یلاریڈی کے ٹی آر ایس قائدین و کسانوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔ پیر کی شب مستقر پر قائدین نے آتشبازی کرتے ہوئے خوشی کا اظہار کیا۔ حکومت پہلے مرحلہ کے 4500 کروڑ مصارف کئے جانے پر اپنا وعدہ پورا کرنے کی خوشی منائی۔ یلاریڈی قائدین نے کہا کہ تلنگانہ سرکار کسانوں سے کیا ہوا وعدہ پورا کرنے میں سنجیدہ ہے۔ منڈل پریشد صدر گنگادھر نے اپنے قائدین کے ساتھ مل کر جشن منایا۔ اس موقع پر منڈل پریشد نائب صدر سرینواس، زیڈ پی ٹی سی سامیل، محمد یوسف علی، محمد سخاوت علی اور دوسرے موجود تھے۔منڈل ناگی ریڈی پیٹ پر بھی کسانوں کو جشن مناتے دیکھاگیا۔ کسانوں کے زرعی قرض کیلئے حکومت تلنگانہ نے 450کروڑ سے معافی کی شروعات کرکے اپنا وعدہ پورا کردیا ہے۔ ٹی آر ایس قائدین میں بالیا، نرسمہا ریڈی، ملیشم، راج شیکھر، ریاض، بابو راؤ اور دوسرے موجود تھے۔ منڈل تاڑوائی میں بھی کسانوں اور ٹی آر ایس قائدین نے زرعی قرض معافی کی پہلی قسط کا اعلان کرنے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے آتشبازی کی۔ اس موقع پر زیڈ پی ٹی سی ساوتری، ٹی آر ایس منڈل صدر وینکٹ رام ریڈی، سرپنچ فورم منڈل صدور سائی ریڈی، سنگل ونڈو چیرمین سنجیوا ریڈی موجود تھے۔ منڈل سدا شیو نگر میں تلنگانہ حکومت کی جانب سے زرعی قرض معافی کے اعلان کے ساتھ ہی 4500 کروڑ سے کارروائی کا آغاز کرنے پر خوشی کا اظہار کیا۔ ٹی آر ایس قائدین، زیڈ پی ٹی سی راجیشور راؤ اور دوسروں نے آتشبازی کرتے ہوئے جشن منایا۔ تلنگانہ حکومت کے ساتھ ساتھ دسہرہ تہوار سے معمرین، معذورین، بیواؤں کو بھی وظائف دینے کا ارادہ رکھتی ہے۔ زرعی قرضہ جات کی معافی نے یلاریڈی منڈل ڈیویژن کے تمام کسانوں میں خوشی کی لہر دوڑا دی ہے۔