سرسلہ۔/17ستمبر، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) کسانوں کے تعلق سے کئے گئے وعدے پر صد فیصد عمل آوری ہوگی، قرض معاف کئے جائیں گے۔ وزیر آئی ٹی و پنچایت راج کلوا کنٹلہ تارک راماراؤ نے یہ تیقن دیا۔ سرسلہ منڈل سطح کے اجلاس میں کے ٹی آر نے مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی۔ اجلاس کی صدارت ایم پی پی وڈیگلا کملا بائی نے کی۔ اس اجلاس میں مختلف مسائل کا جائزہ لیتے ہوئے گفتگو کی گئی۔ اس موقع پر کے ٹی آر نے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کسانوں کی بہبود پر اولین توجہ دے رہی ہے۔ پچھلے چار سال سے کسانوں سے متعلقہ ان پیٹ سبسیڈی ادا کی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ سرسلہ منڈل سے متعلقہ تاحال 6429900 روپئے کسانوں کے کھاتوں میں جمع ہوچکے ہیں، کسانوں کے قرض معافی کے سلسلہ میں مختلف سیاسی پارٹیوں کے الزامات صحیح نہیں ہیں۔ کسانوں کے قرض سے متعلق 480 کروڑ روپئے ہر حال میں معاف کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ریزرو بینک کی جانب سے کچھ شرائط کی وجہ سے بھی تاخیر ہورہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جاریہ ماہ کی 20تاریخ تک ان پٹ سبسیڈی سے متعلق رقم کسانوں کے کھاتوں میں جمع ہوجائے گی۔ سرسلہ منڈل میں 33کروڑ روپئے معافی کے ذریعہ 7690 کسانوں کو فائدہ ہوگا۔انہوں نے کہا کہ اسمبلی حلقہ کی ترقی میں پیچھے ہٹنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوگا۔ وظیفہ پیرانہ سالی اور
بیوؤں کو ماہانہ ایک ہزار، معذورین کو 500روپئے کی تقسیم ہوگی۔ جامع خاندانی سروے کی مکمل رپورٹ و تفصیلات حکومت کو فراہم کئے جانے کے بعد مستحقین کی نشاندہی کرتے ہوئے مرحلہ وار حکومت کی تمام تر اسکیمات سے استفادہ پہنچایا جائے گا اور بے گھر افراد کو مکان، راشن کارڈ، وظیفہ جات بھی فرہم کئے جائیں گے۔ تمام سرکاری اسکولس میں تمام تر بنیادی سہولتوں کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا۔ بیت الخلاء، باؤنڈری وال، پینے کے پانی کی فراہمی ہوگی اور کسی بھی قسم کی غیر سماجی و غیراخلاقی واقعات نہ ہونے کیلئے ہر اسکول کے لئے ایک سیکورٹی گارڈ متعین کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ منڈل میں آئی کے پی خریدی مراکز قائم کئے جائیں گے اور تمام محکمہ جات کے عہدیداروں کے ساتھ اجلاس کے انعقاد کے لئے اطلاع فراہم کریں۔ زیڈ پی پورنیما منجولا، ضلع کے عہدیداروں اور دیگر قائدین نے اس موقع پر شرکت کی۔