لفٹ ایریگیشن اسکیم کے تعمیری کاموں کا معائنہ، رکن پارلیمنٹ ونود کمار کا بیان
گمبھی راؤ پیٹ۔/6ڈسمبر، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ضلع سرسلہ کے تمام علاقہ میں زرعی ضروریات کی تکمیل کیلئے آئندہ سال گوداوری سے پانی کی سربراہی عمل میں آئے گی۔ حکومت کاشتکاروں کو مالی بحران سے نجات دلانے کیلئے ممکنہ طور پر سہولیات کی فراہمی کیلئے مختلف اسکیمات کو روبہ عمل لاتے ہوئے کروڑہا روپئے خرچ کررہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار رکن پارلیمنٹ کریم نگر بوئن پلی ونود کمار نے کیا۔ وہ آج یہاں ضلع سرسلہ کے مختلف مقامات جن میں یلاریڈی پیٹ، سنگارسمدرم، گمبھی راؤ پیٹ میں ٹبل تالاب میں لفٹ ایریگیشن اسکیم کے تحت انجام دیئے جانے والے ترقیاتی کاموں کا معائنہ کرنے کے بعد اخباری نمائندوں کو مخاطب کررہے تھے۔ انہوں نے کہاکہ حکومت اور چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کروڑہا روپئے خرچ کرتے ہوئے کالیشورم پراجکٹ سے لفٹ ایریگیشن اسکیم کے تحت پانی کی منتقلی کیلئے کئی ترقیاتی کاموں کو انجام دے رہے ہیں جس کے تحت ضلع سرسلہ میں ایک لاکھ ایکر اراضی کاشت کے قابل رہے گی جس کی وجہ سے علاقے کے کاشتکاروں کو حسب خواہش مالی فائدہ پہنچے گا۔ اس موقع پر انہوں نے حکومت کی جانب سے انجام دی جانے فلاحی اسکیمات کا تذکرہ بھی کیا اور کہا کہ حکومت ہر طبقہ کی ترقی کیلئے یکساں مواقع فراہم کررہی ہے جس کی سابق میں کوئی نظیر نہیں ملتی۔