بودھن میں ٹی آر ایس کارکنوں کا اجلاس،رکن پارلیمنٹ کویتا کا خطاب
بودھن 24 اگست (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) رکن پارلیمنٹ ضلع نظام آباد شریمتی کویتا نے آج دوپہر یہاں بودھن کے اے آر گارڈن فنکشن ہال میں منعقدہ پارٹی ورکس کے اجلاس سے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ نظام ساگر سے روزانہ 3.5 کیوزک پانی فصلوں کی سنچائی کیلئے چھوڑا جارہا ہے انہو ںنے اعتراف کیا کہ یہ پانی صرف بانسواڑہ حلقہ اسمبلی کے کسانوں کیلئے ہی کافی ہوگا ۔ انہو ںنے بتایا کہ وزیر آبپاشی مسٹر ہریش راو نے ضلع نظام آباد کے آبپاشی عہدیداروں کا اجلاس طلب کرتے ہوئے حلقہ اسمبلی بودھن کے کسانوں کی آبی ضرورتوں کا خیال کرتے ہوئے پانی کی مقدار میں اضافہ کرنے کی ہدایت دی ۔ شریمتی کویتا نے رکن اسمبلی بودھن مسٹر شکیل کی نمائندگی پر بودھن بس اسٹانڈ کی تعمیر و مرمت کیلئے 25 لاکھ روپئے اور مائناریٹی آئی ٹی آئی کیلئے اپنے خصوصی فنڈز سے پانچ لاکھ روپئے رقم کی اجرائی کا تیقن دیا۔ کویتا نے نوی پیٹ منڈل کے موضع بنولہ میں عوام کو پینے کے پانی کے حصول کیلئے پیش آرہی دشواریوں کو دیکھ کر انہو ںنے یہاں ایک محفوظ پینے کے پانی کا واٹر ٹینک تعمیر کروانے کا اعلان کیا اور حلقہ اسمبلی بودھن میں واقع تین ریلوے گیٹس ،نوی پیٹ ،ایڑ پلی اور بودھن شہر میں واقع ان گیٹوں سے عوام کو پیش آرہی دشواریوں کے سدباب کیلئے محکمہ ریلوے سے نمائندگی کرنے کا انہوں نے تیقن دیا اور بتایا کہ ایڑ پلی اور نوی پیٹ کے گیٹوں کو کشادہ کرنے قبل ازیں محکمہ ریلوے سے نمائندگی کی جاچکی ہے عنقریب یہ کام انجام دیئے جائیں گے لیکن بودھن شہر میں واقع ریلوے گیٹ پر برج کی تعمیر یا زیر زمین تعمیر کے تعلق سے محکمہ ریلوے کے عہدیدار جائزہ لے رہے ہیں ۔ ایم پی کویتا نے کہا کہ پانچ گھنٹے مسلسل زرعی اغراض کیلئے برقی سربراہ نہ کئے جانے کی عوام کی جانب سے شکایتیں موصول ہورہی ہیں لیکن محکمہ ٹرانسکو کا عذر ہے کہ مسلسل برقی سربراہی سے بورویل موٹرس ناکارہ ہورہے ہیں جس کے باعث تین اور دو گھنٹے وقفہ وقفہ سے برقی سربراہ کی جارہی ہے قبل ازیں محمد شکیل عامر نے ایم پی کویتا کا والہانہ استقبال کیا اور انہو ںنے حلقہ اسمبلی بودھن کی عوام اور کسانوں کے مسائل سے واقف کروایا اس اجلاس سے ضلع صدر ای گنگا ریڈی منڈل صدر بودھن شیام راو محمد عابد صوفی نے بھی خطاب کیا ۔ اجلاس میں چیر مین بلدیہ ایلم سابقہ چیر مین محمد غوث الدین ،عبدالکریم ،احتشام الدین ،سید شاکر حسین ارکان بلدیہ اور حلقہ اسمبلی بودھن کے چار منڈلوں رنجل ،ایڑ پلی ،نوی پیٹ بودھن کے ٹی آر ایس قائدین و سرگرم پارٹی کارکنوں کی کثیر تعداد اس اجلاس میں شرکت کی اور اپنے منڈلوں کے مسائل سے رکن پارلیمنٹ کو واقف کروایا ۔