زرعی سرگرمیوں کیلئے بروقت پانی کی سربراہی کا منصوبہ

محبوب نگر /6 اگست ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) ریاستی وزیر بڑی آبپاشی ہریش راؤ نے اپنے دورہ ضلع محبوب نگر کے دوران عالمپور چوراستہ تا آئجہ بی ٹی ڈبل روڈ کے تعمیری کاموں کا سنگ بنیاد رکھا جس کی لاگت 38 کروڑ روپئے ہے ۔ شانتی نگر سے آئجہ منڈل کے تملاپلی تک بھی 22.32 کروڑ کی لاگت سے تعمیر کی جانے والی آر اینڈ بی روڈ کا سنگ بنیاد بھی رکھا ۔ وزیر موصوف نے رامالیہ چوراستہ پر واقع ستہدائے تلنگانہ کی یادگار پہونچکر بھرپور خراج عقیدت پیش کیا ۔ اس موقع پر ان کی موجودگی میں وڈے پلی منڈل کی زیڈ پی ٹی سی وینکٹیشور اماں اور ایم پی ٹی سی سجاتماں کے علاوہ 3 ایم پی ٹی سیز اور 14 سرپنچوں نے ٹی آر ایس میں شمولیت اختیار کرلی ۔ وزیر موصوف کے ہمراہ زیڈ پی چیرمین بی بھاسکر گدوال کے ٹی آر ایس انچارج کرشنا موہن ریڈی کے علاوہ جوپلی کرشنا راؤ سی لکشما ریڈی ، وی سرینواس گوڑ کے علاوہ دیگر ایم ایل ایز و پارٹی قائدین موجود تھے ۔ انہوں نے اخباری نمائندوں سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ ضلع میں آئندہ موسم خریف میں 5 لاکھ ایکر اراضی کو سیراب کرنے کا منصوبہ ہے ۔ اس کے علاوہ بڑے آبپاشی پراجکٹس کلواکرتی ، بھیما ، نیٹم پاڈو ، آر ڈی ایس اور کوئل ساگر بھی بہت جلد تکمیل ہوجائیں گے ۔ زیر التواء آبپاشی پراجکٹس کی تکمیل حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں ۔ خشک سالی سے متاثرہ اضلاع میں زرعی ضروریات پر توجہ مرکوز کی جائے گی ۔ ہماری حکومت ضلع کے کسانوں کو زراعت کیلئے مطلوب مقدار میں پانی کی سربراہی کی پابند ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ زیر زمین پانی کی سطح میں اضافہ کیلئے تمام جھیلوں کو مربوط کرنے ، زرعی سرگرمیوں کیلئے بروقت پانی کی سربراہی کا منصوبہ بھی حکومت کے زیر غور ہے ۔ ضلع میں چھوٹی آبپاشی کیلئے ایک ایس ای آفس کے قیام کیلئے منظوری بھی عمل میں لائی جائے گی ۔