بیدر۔ 9 جون (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) چھوٹی آبپاشی، اراضی ڈیری ڈیولپمنٹ فارم اور دوسری زرعی سرگرمیوں کی ترقی کیلئے مختلف بینکوں کو دیئے گئے قرض اسکیم کے نشانہ میں مختص 100% کامیابی حاصل کرنے والے تمام بینک کے عہدیداروں کو چاہئے کہ قرض کی اجرائی کو یقینی بنانے توجہ دیں۔ چیف ایگزیکٹیو آفیسر ضلع پنچایت مسٹر اُجول کمار گھوش نے کل ضلع پنچایت آفس میٹنگ ہال میں ضلع کے سالانہ قرض اسکیم پلان کی اجرائی کے بعد مخاطب کرتے ہوئے بتایا کہ عوام کی سہولت کیلئے مختلف اسکیمات تیار کی گئی ہیں۔ ان اسکیمات میں عوام کو ضروری مالی سہولت فراہم کرنے بینکوں کے توسط سے قرض کی اجرائی کی مختلف اسکیمات ہیں۔ مذکورہ اسکیمات میں تمام بینکوں کو چاہئے کہ انہیں دیئے نشانے کی تکمیل کریں۔ کوئی بھی بینک لاپرواہی نہ برتیں۔ اگر ایسا ہوا تو بینک عہدیداروں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ سال 2013-14ء میں مختلف بینکوں کیلئے مقرر کردہ قرض کے نشانے میں 69% ہی کامیابی حاصل کی گئی ہے۔ اس سال 100% قرض فراہم کرکے نشانہ کی تکمیل کی جائے۔ اس موقع پر ضلع بیدر کے لئے سال 2014-15ء کے 2446.79 کروڑ روپئے کے سالانہ کریڈیٹ پلان کی اجرائی عمل میں آئی۔ اس میں 2406.02 کروڑ روپئے ترجیحی شعبہ کیلئے مختص کئے گئے ہیں۔ 40.77 کروڑ روپئے دوسرے شعبہ جات کیلئے مختص کئے گئے ہیں۔ اس میں زرعی شعبہ کیلئے 1,695.51 کروڑ روپئے مختص کئے گئے ہیں۔ میٹنگ میں بسواکلیان کے اسسٹنٹ کمشنر شریمتی جیہ رانی نے مخاطب کرتے ہوئے بتایا کہ یہاں اعلان کئے گئے قرض اسکیم سے کسانوں کو سہولت ہوگی۔ تمام بینکوں اور محکمہ جات کے عہدیداروں کو چاہئے کہ وہ ضروری تعاون دیں۔ اسسٹنٹ کمشنر بیدر شریمتی آرتی آنند ڈسٹرکٹ لیڈر بینک کے مینیجر مسٹر کے این دیانند اور نبارڈ کے اے جی ایم ڈی وی جوشی نے بھی مخاطب کیا۔