زرعی اراضی پر تنازعہ میں کسان کا قتل

پرگی۔/8جنوری، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ضلع رنگاریڈی پوڈور منڈل مستقر میں دن کے وقت قتل کی سنگین واردات پیش آئی۔ پولیس کی تفصیلات کے مطابق زرعی اراضی پر تنازعہ کی وجہ سے کلہاڑیوں سے حملہ کرتے ہوئے مساگنلہ نرسمہلو 42سالہ کو موت کے گھاٹ اُتار دیا گیا۔ پولیس انسپکٹر نے کہا کہ مقتول نرسمہا اور اس کے رشتہ داروں کے مابین زرعی اراضی کے معاملہ میں تنازعہ چل رہا تھا۔قتل میں ملوث حملہ آوروں کو بہت جلد گرفتار کرلیا جائے گا۔ اس سلسلہ میں چنگومل پولیس نے کیس درج کرلیا ہے۔ تحقیقات جاری ہیں۔

اقامتی ہاسٹلوں کواشیاء کی سربراہی
میں دھاندلیوں کا الزام
کریم نگر۔/8جنوری، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) نیوپریا نامی جعلی برانڈ کے نام پر بلز بناتے ہوئے اشیاء کی تقسیم کرکے دلت گریجن طلباء کے پیٹ پر لات ماری گئی ہے۔ اس جعلسازی میں ملوث کنٹراکٹر اور ان کی مدد کرنے والے افراد کے خلاف فوری کارروائی کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے ایس ایف آئی، ڈی وائی ایف آئی ضلع شاخ کے زیر اہتمام کلکٹریٹ کے روبرو دھرنا دیا گیا۔ بعد ازاں ایڈیشنل کلکٹر کو یادداشت حوالے کی گئی۔ اس موقع پر ایس ایف آئی ضلع سکریٹری بنڈاری شیکھر، ڈی وائی ایف آئی ضلع سکریٹری جی بھیما نے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ضلع میں ایس سی، ایس ٹی، بی سی اور اقلیتی گروکلا ہاسٹل ہیں ان کی تعداد 311ہے اور ان کے لئے 2013ء میں مختلف اشیائے ضروریہ کی سربراہی کے لئے جے سی سے معاہدہ ہوا تھا۔ معاہدہ کرنے پریا کے بجائے سپریا کے نام پر قیمتوں میں تبدیلی کرتے ہوئے 4کروڑ روپئے غیر مجاز طور پر لوٹ لینے کا الزام عائد کیا گیا۔