زرداری کی ضمانت ماقبل گرفتاری میں 7 جنوری تک توسیع

اسلام آباد ۔ 21 ۔ ڈسمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) پاکستان کے سابق صدر آصف علی زرداری کو راحت دیتے ہوئے یہاں کی ایک بنکنگ عدالت نے 414 کروڑ روپئے کے ایک جعلی بینک اکاونٹ کے ذریعہ غیرقانونی رقمی لین دین کے معاملہ میں ضمانت ماقبل گرفتاری کی مدت میں 7 جنوری 2019 تک توسیع کی ہے ۔ 63 سالہ زرداری اپنی بہن فریال تالپور کے ساتھ کراچی کی عدالت میں حاضر ہوئے تھے جہاں انہوں نے اپنی ضمانت ماقبل گرفتاری میں توسیع کرنے کی درخواست کی تھی جو جمعرات کو اختتام پذیر ہوگئی تھی ۔ عدالت نے کیس کی سماعت کے بعد ضمانت ماقبل گرفتاری کی مدت میں 7 جنوری تک توسیع کی ہے ۔ زرداری کے وکیل فاروق نائیک نے یہ بات بتائی ۔ یاد رہے کہ زرداری اور فریال تالپور کو درجنوں جعلی بینک اکاونٹس کھولے جانے پر عدالتی کشاکش کاسامنا ہے جو انہوں نے غیر قانونی رقمی لین دین کیلئے کھول رکھے تھے ۔