زرداری، بلاول اور فریال تالپور کی بیرونِ ملک جانے پر پابندی

اسلام آباد-وفاقی حکومت نے سپریم کورٹ میں زیرِ سماعت جعلی بینک اکاؤنٹس کے ذریعے منی لانڈرنگ کے مقدمے میں مبینہ طور پر ملوث افراد کی فہرست جاری کردی ہے۔

فہرست میں شامل تمام لوگوں کے نام ‘ایگزٹ کنٹرول لسٹ’ میں شامل کردیے گئے ہیں جس کے بعد ان کے بیرونِ ملک جانے پر پابندی ہوگی۔

فہرست میں سابق صدر آصف علی زرداری، ان کے بیٹے بلاول بھٹو زرداری، ہمشیرہ فریال تالپور اور وزیرِ اعلٰی سندھ مراد علی شاہ سمیت 172 سیاست دانوں، بیوروکریٹس اور کچھ بینکوں کے صدور کے نام شامل ہیں۔

پیپلز پارٹی نے حکومت کے فیصلے پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے الزام عائد کیا ہے کہ حکومت کا ایجنڈا عوامی مسائل نہیں،

بلکہ سیاسی انتقام ہے جب کہ حکومت کا کہنا ہے کہ ملزمان کو اپنا دفاع پیش کرنے کا پورا حق حاصل ہے۔

وفاقی حکومت نے جمعے کو ملزمان کی جو فہرست جاری کی ہے اس میں پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کا نام 24 ویں نمبر پر، چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو کا نام 27 ویں، فریال تالپور کا نام 36 ویں اور پراپرٹی ٹائیکون اور بحریہ ٹاون کے مالک ملک ریاض کا نام 72 ویں نمبر پر ہے۔