زخمی ہیراتھ کے مقام پر پرسننا ٹیم میں شامل

کولمبو ۔3 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) سری لنکائی کرکٹ ٹیم کے آل راونڈر سکوچ پرسننا کو ورلڈ کپ کیلئے ٹیم میں زخمی رنگنا ہیراتھ کے مقام پر شامل کرلیا گیا ہے۔ انگلینڈ کے خلاف میچ کے دوران ہیراتھ نے اپنی انگلی زخمی کروا بیٹھی ہے اور انہیں زخم سے مکمل صحتیاب ہونے کیلئے 7 تا 10 دن درکار ہیں۔ سری لنکا کرکٹ نے اعلان کیا ہیکہ ہیراتھ جوکہ اپنی ہی بولنگ پر حریف بیٹسمین جوس بٹلر کا کیچ پکڑنے کی کوشش میں انگلی زخمی کر بیٹھے ہیں اور ان کے زخم کو مندمل کرنے کیلئے 4 ٹانکے بھی لگائے گئے ہیں۔ اس زخم کی وجہ سے 8 مارچ کو آسٹریلیا کے خلاف کھیلے جانے والے مقابلہ میں ہیراتھ ٹیم کا حصہ نہیں ہوں گے۔ سری لنکائی ٹیم میں یہ دوسری تبدیلی ہے کیونکہ اس سے قبل اوپنر اپل تھرنگا کے مقام پر جیون منڈیس کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔