زخمی کلارک روبہ صحت، واپسی کے راستہ پر گامزن

ملبورن۔ 19 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) آئندہ ماہ سے شروع ہونے والے ورلڈ کپ ٹورنمنٹ کیلئے آسٹریلیا کی تیاریوں کو آج زبردست تقویت ملی جب یہ اعلان کیا گیا کہ اس کے پرعزم اور پراُمنگ کپتان مائیکل کلارک کے زخم پوری طرح مندمل ہوجائیں گے اور وہ 21 فروری تک مکمل صحت یابی کے ساتھ فٹنس ٹسٹ کے لئے تیار رہیں گے۔ کلارک کی اس ماہ سرجری ہوئی تھی اور زخمی رہنے کے باوجود انہیں ورلڈ کپ کیلئے آسٹریلیائی ٹیم کا کپتان مقرر کیا گیا تھا اور فٹنس ثابت کرنے کیلئے 21 فروری تک مہلت دی گئی تھی۔ آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کی مشترکہ میزبانی میں ورلڈ کپ ٹورنمنٹ 14 فروری سے شروع ہوگا، لیکن پہلے میچ میں کلارک شامل نہیں رہیں گے اور جس دن (21 فروری کو) وہ فٹنس امتحان دیتے رہیں گے، اس وقت آسٹریلیا دوسرے پول کے کھیل میں بنگلہ دیش کے خلاف مقابلہ کرے گا۔ کرکٹ آسٹریلیا کے فزیوتھراپسٹ ریلیکس کونٹور نے کہا ہے کہ کلارک تیزی سے روبہ صحت ہورہے ہیں۔