جوہانسبرگ ۔ 27 ستمبر۔(سیاست ڈاٹ کام) جنوبی افریقی ٹیم کے کپتان اے بی ڈی ویلیرس کہنی کے زخم سے صحتیاب نہیں ہو پائے ہیں اور آج منعقدہ فٹنس ٹسٹ میں ناکام ہونے کے بعد وہ آسٹریلیا کے خلاف ونڈے اور ٹسٹ سیریز سے باہر ہوچکے ہیں۔ تفصیلات کے بموجب کرکٹ ساؤتھ آفریقہ نے کہا ہے کہ ڈی ویلیرس آج فٹنس ٹسٹ میں ناکام ہوگئے ہیں اور ان کی بائیں کہنی کا آپریشن کیا جانا ہے جس کے باعث وہ جمعہ کو آسٹریلیا کے خلاف شروع ہونے والی ونڈے سیریز میں شرکت سے محروم ہوچکے ہیں۔ پانچ ونڈے مقابلوں کی سیریز کے بعد نومبر میں شروع ہونے والی ٹسٹ سیریز میں بھی وہ تین مقابلوں کیلئے ٹیم کی نمائندگی نہیں کرپائیں گے ۔ ونڈے سیریز میں ڈی ویلیرس کے مقام پر ریلی روسو کو طلب کیا گیاہے ۔