لندن۔2 جون (سیاست ڈاٹ کام)چیمپئنز ٹرافی کی میزبانی کر رہی انگلینڈ کو ٹورنمنٹ کے آغاز میں ہی بڑا جھٹکا لگا ہے اور اس کے اہم بولر کرس ووکس پٹھوں میں کھنچاؤ کی وجہ سے باقی آئی سی سی ٹورنمنٹ سے باہر ہو گئے ہیں۔انگلینڈ نے چیمپئنز ٹرافی کے افتتاحی میچ میں بنگلہ دیش کے خلاف آٹھ وکٹ سے شاندار کامیابی حاصل کی ہے لیکن اس میچ میں ہی ووکس کی بغل میں کھنچاؤ آ گیا تھا۔ انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ (ای سی بی) نے آج کہا ہے کہ ووکس زخمی ہونے کی وجہ باقی چیمپئنز ٹرافی ٹورنمنٹ میں حصہ نہیں لے سکیں گے ۔ای سی بی نے کہا اسکین سے پتہ چلا ہے کہ ووکس کی بغل میں کھنچاؤ ہے ‘ انہیں یہ چوٹ بنگلہ دیش کے خلاف میچ میں لگی تھی اور اس چوٹ کا مطلب ہے کہ ووکس اب ٹورنمنٹ کے باقی میچوں میں انگلینڈ ٹیم کا حصہ نہیں ہوں گے ۔28 سالہ فاسٹ بولر ووکس بنگلہ دیش کے خلاف میچ میں دو اوور ہی بولنگ کر سکے تھے اور اس کے بعد وہ میدان سے باہر چلے گئے تھے ۔ کرکٹ بورڈ نے کہا ووکس کی جگہ باقی ٹورنمنٹ میں کونسا کھلاڑی شامل کیا جائے گا اس کا فیصلہ بعد میں ہوگا۔یاد رہے کہ انگلینڈ نے ٹورنمنٹ کے افتتاحی مقابلے میں بنگلہ دیش کے 306 رنز کا کامیاب تعاقب کرتے ہوئے 8 وکٹوں کی شاندار کامیابی حاصل کی ہے اور ٹورنمنٹ میں خطاب کے لئے اپنی دعویداری مزید مستحکم بنالیا ہے۔