ریوڈی جنیورو ۔2 مارچ (سیاست ڈاٹ کام ) برازیل اور پیرس سینٹ جرمین کے معروف کھلاڑی اور سوپر اسٹار کا روس میں ہونے والے فیفا ورلڈ کپ 2018 میں شرکت خطرے میں پڑگئی۔26 سالہ دنیا کے مہنگے ترین کھلاڑی اپنے پیر کی ہڈی ٹوٹنے کی وجہ سے اس کے آپریشن کے لیے پیرس سے برازیل کے شہر ریو ڈی جنیورو چلے گئے۔ان کے ساتھ جہاز میں سوار ایک ساتھی مسافر کی جانب سے سوشل میڈیا پر ڈالی گئی تصویر میں نیمار کو وہیل چیئر پر دیکھا گیا۔نیمر کی ٹیم کے سرجن روڈ ریگو لازمار نے کہا کہ نیمر کی سرجری ہفتے کے دن کی جائے گی اور ان کی سرجری کی وجہ سے معروف کھلاڑی فٹبال کے میدانوں سے کچھ عرصے کے لیے دور ہوجائیں گے۔انہوں نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ نیمر کی ہڈی کے جڑنے اور زخموں کے بھرنے میں تقریباً ڈھائی سے تین ماہ کا وقت لگ سکتا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ یہ کوئی آسان فریکچر نہیں بلکہ پیر کے درمیان ایک اہم ہڈی کا فریکچر ہے۔واضح رہے کہ چوٹ کی وجہ سے چیمپیئنز لیگ میں ان کی عدم شرکت کی وجہ سے 6 مارچ کو رئیل میڈرڈ کے خلاف ہونے والے مقابلہ میں ان کی ٹیم پیرس سینٹ جرمین کو مشکلات کا سامنا ہوگا۔