زخمی مزدور کی علاج کے دوران موت

حیدرآباد ۔ 26 ۔ مئی (سیاست نیوز) میڑچل کے علاقہ میں ایک شخص کی مشتبہ حالت میں موت ہوگئی ۔ بتایا جاتا ہے کہ 42 سالہ اقبال الرحمن جو پیشہ سے ڈرائیور تھا۔ سدی پیٹ ضلع میدک کا ساکن مزدوری بھی کیا کرتا تھا۔ ذرائع کے مطابق 24 مئی کو گودام میں وہ کام کر رہاتھا کہ تھیلوں کی ڈھیر اس کے اوپر گر گئی جس کے سبب وہ شدید متاثر ہوگیا اور کل رات علاج کے دوران فوت ہوگیا ۔ پولیس نے مقدمہ درج کرلیا ہے اور مصروف تحقیقات ہے۔

دلبرداشتہ شخص کی عثمان ساگر میں خودکشی
حیدرآباد ۔ 26 ۔ مئی (سیاست نیوز) بیوی اور بچوں کی علحدگی کے بعد تنہائی سے دلبرداشتہ ایک شخص نے عثمان ساگر میں چھلانگ لگاکر خودکشی کرلی ۔ یہ واقعہ نارسنگی پولیس حدود میں پیش آیا جہاں پولیس نے گنڈی پیٹ سے 36 سالہ سریدھر کی نعش کو برآمد کرلیا ہے ۔ پولیس ذرائع کے مطابق سریدھر نے کل رات گنڈی پیٹ میں چھلانگ لگائی تھی جو شاہ میرپیٹ علاقہ میں رہتا تھا سریدھر کو ایچ آئی وی ایڈس ثابت ہوچکا تھا اور اس مرض کا پتہ اس کی بیوی کو ہوچکا تھا جس کے بعد اس کی بیوی نے اپنے بچوں کو لیکر شوہر کا گھر چھوڑ دیا تھا ۔ بیوی اور بچوں کے گھر سے چلے جانے کے بعد وہ پریشان ہوگیا تھا ۔ سریدھر کی شادی سال 2005 ء میں سری لتا نامی خاتون سے ہوئی تھی اور ان کے دو بچے ہیں۔ سریدھر پیشہ سے مزدور تھا اور ان کی زندگی اچھے انداز میں چل رہی تھی لیکن جیسے ہی اس مرض کا انکشاف ہوا اس کا گھر بکھر گیا جس کی وجہ سے وہ انتہائی اقدام کرلیا ۔ پولیس مصروف تحقیقات ہے ۔