زخمی صالح ورلڈ کپ میں شرکت کیلئے پرعزم

کیف۔29 مئی(سیاست ڈاٹ کام) عالمی شہرت یافتہ مصری فٹبالر محمد صلح زخمی ہونے کے باوجود آئندہ ماہ مجوزہ ورلڈ کپ فٹ بال ٹورنمنٹ میں ملک کی نمائندگی کے لیے پر عزم ہیں۔صلح یوئیفا چیمپئنز لیگ کے فائنل میں رئیل میڈرڈ کے خلاف سرجیو راموس سے ٹکرانے کی وجہ سے کندھے کے زخم میں مبتلاء ہوگئے ہیں اور آدھے میچ سے قبل ہی میدان سے باہر چکے گئے تھے۔میچ میں لیورپول کو 3-1 سے شکست کا منہ دیکھنا پڑا اور میچ کے بعد پتہ چلا کہ محمد صلح کا کندھا اتر گیا ہے جس کی وجہ سے ان کی ورلڈ کپ میں شرکت غیر یقینی ہو گئی ہے لیکن زخمی ہونے کے باوجود وہ ورلڈ کپ میں شرکت کے لیے پرعزم ہیں۔محمد صلح نے اپنے بیان میں کہا کہ آپ لوگوں کی محبت اور حمایت ہی میری طاقت ہے، میں میگا ایونٹ سے قبل صد فیصد فٹنس حاصل کرنے کی سرتوڑ کوشش کروں گا۔ آپ دعا کریں، میں ملک کی نمائندگی کے لیے پرعزم اور پرجوش ہوں۔دریں اثناء مصر کے صدر عبد الفتح السیسی نے فٹبالر محمد صلاح سے اظہار یکجہتی کر تے ہوئے ان کی جلد صحت یابی اور فٹ ہونے کی امید ظاہر کی۔ انہوںنے عربی میں ٹویٹ کی کہ میری نیک تمنائیں مصر کے چیمپیئن محمد صلاح کے ساتھ ہیں وہ جلد اور تیزی سے صحت یاب ہو ں گے۔ امید کرتا ہوں کہ وہ میدان میں جلد واپس آئیں گے مصر کے چمکتے ستارے رہیں گے۔ وزیر کھیل نے ٹویٹ کی کہ مصر اورلیورپول کے سوپر اسٹار صحت مند ہو کر آئندہ ماہ روس میں ہونے والے فٹبال کے عالمی کپ میں مصر کی نمائندگی کریں گے۔