ڈھاکہ ۔ یکم اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام ) بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈرشکیب الحسن زخمی ہونے کی وجہ سے تین مہینے کے لئے کرکٹ کے میدان سے باہر ہو گئے ہیں۔تفصیلات کے مطابق، بائیں ہاتھ کی انگلی میں لگی چوٹ کا انفیکشن بڑھ گیا تھا اور اس وجہ سے ان کا آپریشن کرنا پڑا۔ ڈاکٹروں نے کہا ہے کہ شکیب کو سرجری کے لئے تین ہفتے تک رکنا ہوگا اور اس وجہ سے تین ماہ تک وہ کرکٹ کی دنیا سے باہر رہیں گے۔ پروتھم آلو کو دیے بیان میں شکیب الحسن نے کہا میں جیسے ہی دواخانہ پہنچا، مجھے ڈاکٹروں نے کہا کہ انگلی کے پس کو مجھے جلد سے جلد باہر کرنا ہوگا۔ اس کی وجہ سے انفیکشن میری کلائی تک پہنچ گیا تھا اگر میں کچھ اور دن انتظار کرتا تو میری کلائی خراب ہو جاتی۔شکیب نے کہا، پس نکلنے کے بعد مجھے اچھا محسوس ہوا لیکن سب سے بڑا مسئلہ یہ ہے کہ انفیکشن مکمل طور پر ختم ہوئے بغیر انگلی کی سرجری نہیں ہو سکتی۔سرجری کے بعد مجھے ٹھیک ہونے کے لئے آٹھ ہفتے کا وقت لگے گا۔ اس کا واضح طور پر مطلب یہ ہے کہ میں تقریبا تین ماہ کے لئے کرکٹ کے میدان سے باہر ہو گیا ہوں۔