کراچی 8 فبروری ( سیاست ڈاٹ کام ) ورلڈ کپ ٹورنمنمٹ سے قبل پاکستانی ٹیم کی مشکلات میں اضافہ کا سلسلہ جاری ہے جبکہ آج اس کے تجربہ کار آل راونڈر محمد حفیظ پٹھوں کے زخم کی وجہ سے ٹورنمنٹ سے باہر ہوگئے ہیں۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے ایک ترجمان نے بتایا کہ حفیظ کے پٹھوں میں زخم ہے اور ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ انہیں مکمل صحتیابی کیلئے دو تا تین ہفتوں کا وقت درکار ہے ۔ میڈیا مینیجر رضا کچلو نے کہا کہ ٹور سلیکشن کمیٹی نے بورڈ کے صدر نشین کو ایک مکتوب روانہ کرتے ہوئے حفیظ کی بجائے اوپنر ناصر جمشید کو ٹیم میں شامل کرنے کی اجازت طلب کی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ میڈیکل رپورٹس کے ساتھ ایک درخواست انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی ٹکنیکل کمیٹی کو بھی روانہ کی گئی ہے تاکہ ان کی بجائے ناصر جمشید کو شامل کیا جاسکے ۔ محمد حفیظ اب تک 155 ونڈے میچس میں پاکستان کی نمائندگی کرچکے ہیں۔