زبردستی کی جلاوطنی ، ہندوستان واپسی کا منصوبہ نہیں: وجئے ملیا

نئی دہلی۔/29 اپریل، ( سیاست ڈاٹ کام ) تنازعات میں گھرے صنعت کار وجئے ملیا نے کہا ہے کہ وہ ’’ زبردستی جلا وطنی ‘‘  اختیار کئے ہوئے ہیں اور انکشاف کیا کہ فوری طور پر ہندوستان واپس ہونے کا کوئی منصوبہ نہیں رکھتے جہاں( ہندسوتان میں ) انہیں تند و تلخ حالات کا سامنا ہے۔ ملیا نے جن کا پاسپورٹ اس ماہ  منسوخ کردیا گیا ہے، مزید کہا کہ وہ اپنے فی الحال غیر کارکرد ایر لائنس ادارہ کو قرضہ دینے والے بینکوں کے ساتھ تمام بقایا جات کو ’ واجبی یکسوئی ‘ کردینا چاہتے ہیں لیکن ان کا پاسپورٹ واپس لینے یا انہیں گرفتار کرنے سے انہیں ( بینکوں کو ) کوئی رقم ہرگز نہیں مل سکے گی۔ملیا نے فینانشیل ٹائمز سے کہا کہ ’’ یقینا میں ہندوستان واپس ہونا چاہتا ہوں، لیکن فی الحال وہاں کے حالات میرے خلاف تیزی کے ساتھ دشوار و ناہموار ہورہے ہیں۔ میرا پاسپورٹ ضبط کیا جاچکا ہے۔ مجھے نہیں معلوم کہ اس کے بعد حکومت کیا قدم اٹھائے گی۔‘‘60سالہ ملیا نے کہاکہ بدستور وہ ایسے ہندوستانی محب وطن ہیں جو ہندوستانی پرچم لہرانے پر فخر محسوس کرتا ہے لیکن ان کے خلاف تنقیدوں اور الزامات کا سلسلہ جاری ہے چنانچہ ان حالات میں وہ برطانیہ میں محفوظ رہنے پر کافی خوش ہیں اور یہ ملک ( برطانیہ ) چھوڑنے کا فی الحال کوئی ارادہ نہیں ہے۔