ریڈی میڈ ملبوسات اورملازمت پیشہ خواتین

ملازمت کرنے والی خواتین کو اپنے لباس کا خاص طور پر خیال رکھنا پڑتا ہے ، لیکن اپنی دوہری ذمہ داریوں کے باعث ان کے پاس اتنا وقت نہیں ہوتا کہ کپڑوں کی خریداری اور تیاری کیلئے خاطر خواہ وقت دے سکیں۔ کبھی کبھی تو وہ اپنی مصروفیات میں اس طرح گِھر جاتی ہیں کہ انہیں خبر ہی نہیں رہتی کہ آج کل ملبوسات میں کونسا فیشن چل رہا ہے۔ ساتھ کام کرنے والی خواتین کو دیکھ کر کچھ نہ کچھ اندازہ تو بہر حال لگایا جاسکتا ہے لیکن ضروری نہیں کہ جیسے کپڑے وہ پہنتی ہیں وہ آپ کو پسند آئیں، اور ہوسکتا ہے کہ ان کے پاس بھی فیشن کو اپنانے کا وقت نہ ہو۔ تاہم آج کل جہاں زندگی کی مصروفیات میں اضافہ ہوا ہے وہیں بہت سی سہولتیں بھی حاصل ہوگئی ہیں۔ ایک زمانہ تھا کہ جب بازار میں محدود پیمانے پر ریڈی میڈ ملبوسات دستیاب ہوا کرتے تھے اور محدود انتخاب کے باعث درزی سے ہی کپڑے سلوانے پڑتے تھے۔ تب اکثر و بیشتر ایسا ہوتا تھا کہ ایک ہی ڈیزائن بار بار دہرائے جانے کی وجہ سے وہ خواتین بیک وقت ایک ہی جیسا لباس پہنے نظرآتی تھیں

اور دل ہی دل میں اپنے درزی پر پیچ و تاب کھارہی ہوتی تھیں۔ لیکن اب مارکٹ میں ہر قسم کے ملبوسات کی رینج موجود ہے۔ آپ بھی اپنی پسند اور گنجائش کے مطابق انہیں خرید سکتی ہیں۔ آفس کیلئے آپ جتنے بھی ڈریس خرید لیں کم ہی لگتے ہیں کیونکہ انہیں روزانہ پہننا ہوتا ہے۔ ایک ہی لباس بار بار پہننے سے یہ بھی ہوتا ہے کہ لوگوں سے ملتے جلتے یا کسی اہم میٹنگ کے وقت آپ محض اپنے لباس کی وجہ سے احساس کمتری کا شکار ہوسکتی ہیں، اور آپ کے اعتماد میں کمی آسکتی ہے۔ اس لئے اب آپ کے پاس یہ سہولت موجود ہے کہ سمجھداری اور کفایت سے کام لیتے ہوئے جدید فیشن کے مطابق اپنی وارڈ روب میں کپڑوں کا اضافہ کرسکیں۔ نئی نئی ملازمت اختیار کرنے والی لڑکیوں اور خواتین کو ایک اُلجھن یہ بھی درپیش رہتی ہے کہ وہ آفس یا جہاں بھی ملازمت کرتی ہوں وہاں جاتے وقت کیسا لباس پہنا جائے؟ دراصل یہ مسئلہ اس لئے بھی غور طلب ہے کہ آپ کے آفس کے مطابق اور آپ کے آفس کا ماحول اکثر و بیشتر سنجیدگی کا متقاضی ہوتا ہے۔ لہذا عام طور پر پہنے جانے والے ملبوسات کو وہاں پہنتے ہوئے ہچکچاتی ہیں۔

آپ کی یہ اُلجھن دور کرنے کے لئے یہاں کچھ تجاویز پیش کی جارہی ہیں تاکہ ان سے آئیڈیاز لیکر آپ اپنی پسند کے مطابق ملبوسات تیار کرواسکیں۔ وہ ملازمت پیشہ خواتین جو ذرا دھیمے اور سنجیدہ لباس کی حامل ہوں وہ سادہ اور ہلکے رنگوں میں ملی ہوئی اسٹائلش قمیضیں ، میچنگ یا کنٹراسٹ ٹراؤزر کے ساتھ پہن سکتی ہیں۔ اس قسم کی قمیض ہلکی سی ڈیزائننگ یا نفیس کڑھائی کے ساتھ باآسانی مل جاتی ہیں۔ اس کے علاوہ ان کی تیاری میں گرمیوں کے لحاظ سے نرم و ملائم اور ہلکے پھلکے اور ہوا دار فیبرک استعمال کئے جارہے ہیں۔ لہذا آپ کسی بھی اُلجھن کے بغیر سہولت کے ساتھ ایسے ڈریس آفس جاتے ہوئے پہن سکتی ہیں۔ لیکن جو خواتین پرنٹیڈ ڈریسز پسند کرتی ہوں یا سادہ اور پرنٹیڈ دونوں کا سلیکشن اپنے وارڈ روب میں رکھنا چاہتی ہوں ان کے لئے خوبصورت و جدید جیومیٹرک اور فلاور پرنٹس میں بنے ہوئے ڈریسز کی بھی وسیع تر وورائٹی موجود ہے۔
عذرا دکنی