ریٹائرڈ ججس انڈین کرکٹ کو بہتر چلائیں گے، ٹھاکر کا طنز

نئی دہلی ، 2 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) انوراگ ٹھاکر جنھیں لودھا پیانل کی اصلاحات میں رکاوٹ بننے کی پاداش میں صدر بی سی سی آئی کی حیثیت سے آج برطرف کردیا گیا، انھوں نے سپریم کورٹ کے حکمنامہ پر ہلکے طنز میں کہا کہ اگر فاضل عدالت کا ماننا ہے کہ کرکٹ کا ادارہ ریٹائرڈ ججوں کی رہنمائی میں بہتر کام کرے گا، ’’میری طرف سے اُن کیلئے نیک تمنائیں پیش ہیں‘‘۔ تاہم ٹھاکر نے یہ بھی کہا کہ ہندوستان میں بی سی سی آئی بدستور سب سے بہترین اسپورٹس باڈی ہے۔ ٹھاکر نے عدالتی حکمنامہ پر اپنے ردعمل میں سوشل میڈیا پر پیش کردہ ویڈیو کلب میں کہا: ’’جہاں تک میرا معاملہ ہے، یہ کوئی شخصی کشاکش نہیں ہوئی، یہ اسپورٹس باڈی کی خودمختاری کیلئے جدوجہد ہوئی۔ میں سپریم کورٹ کا احترام کرتا ہوں جیسا کہ کسی بھی شہری کو کرنا چاہئے۔ اگر سپریم کورٹ ججوں کا احساس ہے کہ بی سی سی آئی کی کارکردگی ریٹائرڈ ججوں کے تحت بہتر ہوسکتی ہے تو میں انھیں نیک تمنائیں پیش کرتا ہوں۔ مجھے یقین ہے انڈین کرکٹ اُن کی رہنمائی میں اچھا کرے گی۔‘‘