ریو عمارت میں آگ ، آسٹریلیائی ٹیم کا تخلیہ

ناقص انتظامات پر متعدد ٹیموں کو تشویش ، مسلسل نگرانی کیلئے حکام چوکس
ریوڈی جنیرو۔ 30 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) آسٹریلیا اولمپک ٹیم کے ارکان کو آج ریو ڈی جنیرو اولمپکس میں واقع لاجس کا اس وقت مجبوراً تخلیہ کرنا پڑا جب اس کے تہہ خانہ میں واقع پارکنگ علاقہ میں بھڑک اُٹھنے والی معمولی آگ کے بعد دھواں بھر گیا تھا۔ آسٹریلیائی ٹیم کے مینیجر مائیک ٹینکریڈ نے کہا کہ وسیع و عریض اتھیلیٹس ولیچ میں واقع اس عمارت سے تقریباً 100 اتھیلیٹس ویلیج میں واقع اس عمارت سے تقریباً 100 اتھلیٹیس اور عہدیداروں کا تخلیہ کروادیا گیا۔ اس کمپاؤنڈ میں 31 عمارتیں ہیں جہاں 18,000 اتھیلیٹس اور عہدیداروں کو ٹھہرایا جارہا ہے۔ ٹینکریڈ نے اپنے بیان میں کہا کہ ’’سیڑھیوں کے نشیبی علاقے میں دھواں بھر گیا تھا لیکن آگ محض کار پارک تک محدود رہی اور کوئی زخمی نہیں ہوا‘‘۔ اس آگ نے ریو کی ناقص تیاریوں پر پھر ایک مرتبہ توجہ مرکوز کروائی ہے۔ ریو میں اولمپکس کی تیاریاں پہلے ہی زیکا وائرس، سنگین آبی آلودگی، جرائم اور ٹکٹوں کی فروخت میں سست روی جیسے واقعات سے تشویش کی باعث رہی ہیں۔ ٹینکریڈ نے کہا کہ ان کے اتھیلیٹس اور عہدیدار نصف گھنٹہ بعد اپنے کمروں کو واپس پہونچ گئے۔ قبل ازیں آسٹریلیا نے اس عمارت کو قبول کرنے سے انکار کردیا تھا اور اس تنازعہ کے سبب ایک ہفتہ کشیدگی برقرار رہی جس کے اختتام کے فوری بعد آتشزدگی کا یہ واقعہ پیش آیا۔ کم سے کم ایک درجن دوسری ٹیموں نے بھی اس وسیع و عریض احاطہ میں واقع 3,600 کے منجملہ 400 رومس میں گیس لائن اور موریوں سے اخراج، برقی شارٹس اور عام گندگی کی شکایت کی تھی۔ بعدازاں ریو حکام نے ان عمارتوں کی دیکھ بھال کیلئے سینکڑوں پلمبرس، الیکٹریشنس اور دیگر شعبوں کے ماہر ہنر مندوں کو تعینات کیا تھا جو روزانہ 24 گھنٹے خدمات کیلئے تیار رہیں گے۔