جینیوا۔یکم مئی (سیاست ڈاٹ کام ) ریو اولمپک کا 5اگست کو آغازہوگا جس میں اب کچھ ہی دن باقی رہ گئے ہیں،اس سلسلے میں رِیو اولمپک مشعل سوئزرلینڈ کے شہر جینیوا میں اقوامِ متحدہ کے ہیڈا کوارٹر پہنچادی گئی ہے۔ اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل بانکی مون نے اس موقع پر انتہائی گرمجوشی سے عمارت سے باہر آکر مشعل کا استقبال کیا۔ انہوں نے بین الاقوامی اولمپک کمیٹی کے صدر تھامس بیچ کا بھی خیر مقدم کیا اور انہیں خوش آمدید کہا۔ اولمپک مشعل اپنے سفرکے دوران 95دن میں329شہروں سے گزرتے ہوئے5اگست کو رِیو ڈی جنیروکے مارکانا اسٹیڈیم پہنچے گی جہاں رِیو اولمپکس کی افتتاحی تقریب کا آغاز ہو گا۔ اس سفر میں اولمپک مشعل برازیل کی 26 ریاستوں سے گزرے گی اور 10ہزار میل فضائی اور20ہزار کلو میٹر زمینی سفر مکمل کرے گی۔ اس شاندار ایونٹ کے حوالے سے انتظامیہ اور شائقین کا جوش وجذبہ دیکھنے سے تعلق رکھتا ہے ۔ ریو اولمپک کا اختتام 21اگست کو ہوگا۔