ریو اولمپکس 2016ء کیلئے برازیل کے ویزا قواعد میں نرمی

آسٹریلیا، کناڈا، جاپان، امریکہ کے سیاحوں سے پریشانی نہ ہوگی : حکومت
ریو ڈی جنیرو ، یکم جون (سیاست ڈاٹ کام) برازیل نے ریو اولمپکس 2016ء سے قبل ویزا قواعد میں نرمی کردی ہے۔ حکومت نے کہا کہ آسٹریلیا، کناڈا، جاپان اور امریکہ سے آنے والے سیاحوں کیلئے آج سے ویزا کی ضرورت برخاست کی جارہی ہے تاکہ ریو اولمپکس کیلئے سفر کی حوصلہ افزائی کی جاسکے۔ ٹورازم منسٹری نے گزشتہ روز کہا کہ چار ممالک کے سیاحوں کیلئے راہیں آسان کی جارہی ہیں، کیونکہ وہ پہلے ہی اچھی مارکیٹ ہیں، اولمپکس میں کافی دلچسپی رکھتے ہیں اور اُن کی وجہ سے سکیورٹی کا کم جوکھم رہتا ہے۔ وزیر سیاحت ہنریک اڈوارڈو الویز نے کہا کہ ان ٹورسٹوں سے اس ملک کی معیشت کو فروغ ملے گا۔ اولمپکس پہلی مرتبہ براعظم جنوبی امریکا میں منعقد کئے جارہے ہیں اور 5 اگسٹ کو شروع ہوں گے۔