ریونت ریڈی کی گرفتاری پر الیکشن کمیشن نے وقارآباد کے ایس پی کا تبادلہ کردیا

اویناش موہنتی نے جائزہ حاصل کرلیا

نئی دہلی ۔ 5 ڈسمبر (پی ٹی آئی) الیکشن کمیشن نے کانگریس لیڈر اے ریونت ریڈی کی گرفتاری پر تلنگانہ کے ضلع وقارآباد کے سپرنٹنڈنٹ آف پولیس کو ہٹا دینے کا حکم جاری کیا ہے۔ پولیس مبصرین نے بھی ریونت ریڈی کی گرفتاری کو غیرضروری پایا ہے۔ انتخابی پینل کے ذرائع نے بتایا کہ کمیشن نے وقارآباد کے ایس پی ٹی ارناپورنا کا تبادلہ کرتے ہوئے ان کی جگہ اویناش موہنتی کو فوری اثر کے ساتھ نیا ایس پی بنایا ہے۔ الیکشن کمیشن نے یہ بھی ہدایت دی کہ اناپورنا کو پولیس ہیڈکوارٹرس پر تعینات کیا جائے اور انہیں کسی قسم کی انتخابی ڈیوٹی کی ذمہ داری نہ دی جائے۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے تعینات کردہ مبصرین نے انتخابات کے دوران رونما ہونے والے مختلف مسائل پر نظر رکھی ہے۔ منگل کی اولین ساعتوں میں وقارآباد پولیس نے تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کے ورکنگ صدر ریونت ریڈی کو گرفتار کیا تھا بعدازاں انہیں رہا کیا گیا۔ اویناش موہنتی نے وقارآباد ایس پی کا جائزہ حاصل کرتے ہوئے ضلع کی صورتحال کے بارے میں تفصیلات حاصل کی۔